ڈبلیو ایس ایس پی نے کامیابی کے ساتھ عیدالاضحی صفائی آپریشن مکمل کرلیا

شہر کی 43 یونین کونسلوں سے 10640 ٹن آلائشیں اور جانوروں کی باقیات اٹھائی گئیں آپریشن میں 2602 اہلکاروں نے حصہ لیا، 563 گاڑیوں کے ذریعے آلائشیں اٹھائی گئیں

جمعہ 23 جولائی 2021 18:10

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2021ء) واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز پشاور (ڈبلیو ایس ایس پی) نے تین روزہ عیدالاضحی صفائی آپریشن کامیابی کے ساتھ مکمل کرلیا، تین روزہ آپریشن کا افتتاح وزیر اعلی کے معاون خصوصی برائے اطلاعات کامران بنگش نے کیا، آپریشن کی نگرانی چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈبلیو ایس ایس پی ڈاکٹر حسن ناصر اور جنرل منیجر آپریشن ریاض احمد نے کی ۔

تین دنوں میں شہر کی 43 یونین کونسلوں سے 10640 ٹن آلائشیں اور قربانی کے جانوروں کی باقیات اٹھائی گئیں ، آلائشیں محفوظ طریقے سے اٹھانے کے لئے شہر بھر میں عید سے پہلے قابل تحلیل تھیلے تقسیم کئے گئے تھے جبکہ علما کی خدمات سے استفادہ کرتے ہوئے آگاہی مہم بھی چلائی گئی ۔ آپریشن میں 2602 اہلکاروں نے حصہ لیا جن میں 1189 سنیٹری ورکرز، 660 کھٹہ قلی، 341 ڈرائیورز، 293 ہیلپرز، 63 میونسپل انسپکٹرز اور 55 سپروائزر، گاڑیوں میں 153 سوزوکی، 18 منی ڈمپرز، 25 بائیک لوڈرز، 20 چھوٹے ٹریکٹرز، 108 بڑے ٹریکٹرز، 42 کمپیکٹرز، 40 شاولز، 2 ٹرک، 23 ملٹی لوڈر آرم رول، 109 ڈمپرز، 9 ایکسکیویٹرز اور 17 رکشے شامل تھے، واٹر سپلائی کا عملہ بھی ڈیوٹی پر موجود اور شکایات سیل فعال رہا،گلی محلوں سے آلائشیں اور قربانی کے جانوروں کی باقیات چھوٹی گاڑیو ں کے ذریعے مختلف علاقوں میں قائم 20 سے زائد عارضی ٹرانسفر سٹیشنوں کو منتقل اور پھر وہا ں سے بڑی گاڑیوں کے ذریعے ڈمپنگ ساٹ لے جاکر تلف اور مٹی سے ڈھانپا گیا ۔

(جاری ہے)

زون اے میں 497 اہلکاروں ، 149 گاڑیوں ، زون بی میں 1058 اہلکاروں ، 211 گاڑیوں ، زون سی میں 697 اہلکاروں ، 130 گاڑیوں ، زون ڈی میں 350 اہلکاروں اور 76 گاڑیوں کے ذریعے آپریشن مکمل کیا گیا ۔ پہلے روز 4 ہزار 444 ٹن، دوسرے روز 4 ہزار 292ٹن اور تیسرے روز 1904ٹن آلائشیں اور باقیات اٹھائی گئیں ۔ آپریشن کے بعدٹرانسفر سٹیشنوں اور شہر کی دھلائی کرتے ہوئے چونا ڈال کر سپرے کیا گیا ۔

آپریشن پلان پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کے لئے چاروں زونز میں مانیٹرنگ ٹی میں تشکیل دی گئی تھیں ، شکایتوں پر فوری کارروائی کی گئی ۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر گل بانو نے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر حسن ناصر کے ہمراہ شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے آپریشن کا جائزہ لیا ۔ ڈاکٹر حسن ناصر نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کو آپریشن پلان بارے بریفنگ دی ۔

رکن قومی اسمبلی ارباب شیر علی اور رکن صوبائی اسمبلی پیر فدا ایڈوکیٹ نے زون سی اور زون ڈی کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا ، عملے کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے لوگوں کو آلائشیں اور گندگی مقررہ پوائنٹس پر ڈالنے کی اپیل کی ۔ انہوں نے کہا کہ عید پر ڈبلیو ایس ایس پی مینجمنٹ اور عملے کی محنت کی بدولت شہر صاف رہا، بروقت آلائشیں اور باقیات اٹھائی گئیں ۔

سیاسی اور عوامی حلقوں نے بھی عید الاضحی پر شہر کی صفائی یقین بنانے پر ڈبلیو ایس ایس پی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈبلیو ایس ایس پی عملے نے دن رات محنت کرتے ہوئے عید قربان پر آلائشوں کو ٹھکانے لگایا، شہر کی ہر گلی اور محلے کو صاف رکھاحکومت بہترین کارکردگی پر عملے کی حوصلہ افزائی کرے ۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر حسن ناصر نے عید پر شہر کی صفائی یقینی بنانے پر عملے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ عملے نے مسلسل دن رات محنت کر کے لوگوں کو صاف اور ستھرا ماحول فراہم کیا ۔