حیدرآبادحادثے میں متعدد افرادکے جاں بحق ہونے والے افرادکے لئے ایم کیو ایم پاکستان کا کل یوم سوگ کا اعلان، کنور نوید جمیل

وفاقی وزیر برائے توانائی حماد اظہر سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر حیدرآباد کا دورہ کریں حیسکو کی بدترین کارکردگی کا جائزہ لیں حادثے کے ذمہ داروں کو قرارواقعی سزا دی جائے لواحقین کو وہی معاوضہ ادا کیا جائے ساتھ ساتھ لواحقین میں سے ایک فرد کو ملازمت بھی دی جائے حیدرآباد کو اون کیا جائے اس کے مسائل کو حل کیا جائے اور حیسکو کا 10سال کا آڈٹ کرایا جائے، حیدرآباد میں فوری طور پے برنس وارڈ کا قیام عمل میں لایا جائے

جمعہ 23 جولائی 2021 21:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2021ء) ایم کیو ایم پاکستان کے ڈپٹی کنوینر و رکن سندھ اسمبلی کنور نوید جمیل نے حیدرآباد پر یس کلب میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد میں حیسکو کا ادارہ اور اس کا نظام مکمل طور پر مفلوج ہوچکا ہے۔ایم کیو ایم پاکستان حیسکو کی ناکامی اور عوام کی قیمتی جانوں کے ضیاع کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے اور گزشتہ رات ہونے والے حادثے جس میں متعدد افراد جاں بحق ہوئے ان کے لئے کل یوم سوگ کا اعلان کرتی ہے سندھ کا دوسرا بڑا ثہر حیدرآباد جو صوبائی حکومت کو اربوں روپے کا ٹیکس دیتا ہے وہی ثہر بنیادی سہولیات سے محروم ہے اس شہر میں کوئی ایسا اسپتال نہیں جہاں جھلسنے والوں کا علاج کیا جاسکے یہ سندھ حکومت کے لئے باعث شرم ہے کہ وہ اس شہر کو سہولیات نہ دے سکی حیسکو کے صارفین باقاعدگی سے بل ادا کرتے ہیں اس کے باوجود نہ صرف بجلی کی فراہمی سے محروم ہیں بلکہ بجلی کی ترسیل کا نظام بھی ناقص ہے ٹرانسفارمر کی مرمت کا کام گھروں پر ہوتا ہے اور حیسکو کی وورک شاپ بھی اس معیار کی نہیں جیسا کہ اس کو ہونا چاہیئے۔

(جاری ہے)

حیسکوبجلی کی ترسیل کا نظام اور ورک شاپ کو بہتر کرے اور عوام کو نقصان سے بچانے کے لئے فرسودہ ٹرانسفارمرز تبدیل کئے جائیں۔ کنور نوید جمیل نے وفاقی وزیر برائے توانائی حماد اظہر سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر حیدرآباد کا دورہ کریں حیسکو کی بدترین کارکردگی کا جائزہ لیں اور گزشتہ روز ہونے والے حادثے کے ذمہ داروں کا تعین کر کے ان کو قرارواقعی سزا دی جائے لواحقین کو وہی معاوضہ ادا کیا جائے جو حیسکو کے ملازمین کو ادا کیا جاتا ہے ساتھ ساتھ لواحقین میں سے ایک فرد کو ملازمت بھی دی جائے کنور نوید جمیل کا مزید کہنا تھا ضرورت اس بات کی ہے کہ شہر حیدرآباد کو اون کیا جائے اور اس کے مسائل کو حل کیا جائے اور حیسکو کا 10سال کا آڈٹ کرایا جائے۔

اس موقع پر حیدرآباد سے رکن قومی اسمبلی صابر قائم خانی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد میں بجلی کا بحران رہا ہے اور بجلی کے ترسیل کے نظام کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے اس کے ساتھ ساتھ نظام کو اپ گریڈ کرنے کی ضرورت ہے۔اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی راشد خلجی نے کہا کہ عوام اپنے آپکو ٹرانسفارمر سے دور رکھیں شہر حیدرآباد طبی سہولیات سے محروم ہے اور اس شہر میں فوری طور پے برنس وارڈ کا قیام عمل میں لایا جائے۔

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ حیسکو کا قبلہ درست کیا جائے بصورت دیگر عوام ان کا محاسبہ کریں گے۔قبل اذیں ڈپٹی کنوینر کنور نوید جمیل، انچارج و اراکین ڈسٹرکٹ کمیٹی اور منتخب اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔