ٹرانسفارمر پھٹنا حیدرآباد شہر میں روز کا معمول بن گیا ہے حیسکو ایک ناکام ادارہ بن چکا ہے ،سارا سسٹم بوسیدہ ہوچکا ہے ، جمعیت علماء اسلام

جمعہ 23 جولائی 2021 21:40

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2021ء) جمعیت علماء اسلام (س) ضلع حیدرآباد کے امیر مولانا عبدالواحد خان، جنرل سیکریٹری حافظ ارمان احمد چوہان ودیگر نے اپنے مشترکہ بیان میں لطیف آباد نمبر 8 میں حیسکو کے ٹرانسفارمر کی وجہ سے ہونے والے سانحے میں شہید ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور جھلس کر زخمی ہونے والے افراد کیلئے دعائے صحت کی اس موقع پر حافظ ارمان چوھان کا کہنا تھا کہ ٹرانسفارمر پھٹنا حیدرآباد شہر میں روز کا معمول بن گیا ہے حیسکو ایک ناکام ادارہ بن چکا ہے حیسکو کا سارا سسٹم بوسیدہ ہوچکا ہے جب کے اس ادارے میں کرپشن عروج پر ہے حالیہ ہونے والے حادثے کی تمام ذمہ داری حیسکو کے نااھل افسران اور وفاقی وزارت پانی و بجلی کی ہے ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ شہر حیدرآباد میں ہونے والی سات سے زیادہ قیمتی جانوں کے نقصان پر وفاقی وزیر پانی و بجلی اور حیسکو چیف ریحان حامد فوری مستعفی ہوں اور فی الفور حیدرآباد شہر و لطیف آباد کیلئے دو ہزار نئے ٹرانسفارمر دیے جائیں جنہیں فوری تنصیب کیا جائے اور اس سانحے میں شہید ہونے والے افراد کے اہل خانہ میں سے ایک فرد کو سرکاری نوکری دی جائے اور جاں بحق ہونے والے اہل خانہ کو فی کس بیس لاکھ روپے اور زخمیوں کو دس دس لاکھ روپے فوری امداد دی جائے ہم وفاقی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ حیدرآباد شہر سے اعلانیہ و غیر اعلانیہ لوشیڈنگ ختم کی جائے