عمرہ کے خواہش مندوں کے لیے ایمان پرور خبر آ گئی

عمرہ سیزن کا آغاز کل 25 جولائی سے شروع ہو جائے، اجازت نامے اعتمرنا ایپ سے جاری کیے جائیں گے

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 24 جولائی 2021 10:54

عمرہ کے خواہش مندوں کے لیے ایمان پرور خبر آ گئی
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔24 جولائی 2021ء ) حج بیت اللہ اختتام پذیر ہو چکا ہے۔ اس بار بھی کورونا وبا کی وجہ سے حاجیوں کی تعداد ہزاروں تک محدود کر دی گئی تھی۔ صرف سعودی عرب میں مقیم 60 ہزار مقامی اور غیر ملکی افراد کو حج کی اجازت دی گئی تھی۔ جبکہ عمرہ کے خواہش مندوں کے لیے اچھی خبر یہ ہے کہ کل 25 جولائی (15 ذی الحجہ) سے عمرہ سیزن کا آغاز ہو جائے گا۔

سعودیہ کے نائب وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر عبدالفتاح مشاط نے بتایا ہے کہ اتوار 25 جولائی سے اعتمرنا ایپ کے ذریعے عمرہ کے اجازت ناموں کا اجراء پھر سے شروع ہو جائے گا۔ وزارت حج و عمرہ اور السعودیہ ایئر لائن مشترکہ طور پر عمرہ پروگرام چلائیں گے، جس کے تحت عمرہ کے اجازت نامے السعودیہ اور اعتمرنا ایپ سے حاصل کیے جا سکیں گے۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے جلد تفصیلات ظاہر کر دی جائیں گی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ یومیہ 20 ہزار عمرہ زائرین کو اجازت نامے جاری ہوں گے۔ اگلے چند ہفتوں میں یومیہ اجازت ناموں کی گنتی میں بتدریج اضافہ کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال اکتوبر میں عمرہ اور زیارت کی سرگرمیاں بحال کر دی گئی تھیں اس کے علاوہ خصوصی اجازت نامے کے ذریعے نماز کی ادائیگی کی بھی کی جا رہی ہے۔سعودی وزارت حج و عمرہ کے مطابق عمرہ زائرین کی سہولت اور رہ نمائی کے لیے تیار کی جانے والی ایپ ’اعتمرنا‘ سے اب تک 2 کروڑ افراد مستفید ہو چکے ہیں۔

’اعتمرنا‘ ایپ کے ذریعے دی جانے والی ہدایات میں مسجد حرام میں نمازوں کے اوقات، کرونا وبا کے نماز کے دوران ایس اوپیز، عمرہ کی ادائی، مسجد نبوی اور روضہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی زیارت کا شیڈول بھی شامل ہے۔مکہ معظمہ اور مدینہ منورہ میں ’خصوصی مراکز‘ سروسز سے اب تک بیرون ملک سے آنے والے 30 ہزار معتمرین مستفید ہوچکے ہیں۔سعودی عرب کی وزارت حج نے حرم کی حدود سے حرم مکی تک نمازیوں اور معتمرین کو ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کرنے کے لیے چار مقامات مختص کیے گئے ہیں۔

اب تک اس سروس کے تحت 1 لاکھ 20 ہزار گاڑیاں چلائی گئی ہیں جس کے لیے2500 بسوں کا استعمال کیا گیا۔سعودی عرب کی وزارت حج نے محفوظ عمرہ ماڈل اپنانے کے لیے جدید تکنیکی آلات اور ڈیجیٹل اقدامات کیے ہیں تاکہ اللہ کے مہمانوں کووبا کے دور میں ہرقسم کا تحفظ اور ضروری سہولیات فراہم کی جائیں۔ عمرہ زائرین کی خدمت کرنے والے اداروں میں حکومتی اداروں کے ساتھ نجی شعبہ بھی شامل ہے۔

زائرین اور معتمرین کے لیے چھ رضاکارانہ پروگرامات کے دوران18 ہزار رضاکارانہ گھنٹے کام کیا گیا۔حرم شریف میں زائرین کی تعداد کی گنجائش بڑھانے کے حوالے سے سعودی حکومت نے بڑی خوش خبری سْنا دی ہے۔ سبق ویب سائٹ کے مطابق حرم مکی کے تیسرے توسیعی منصوبے میں تعمیرات اور ترمیم سے متعلق 60 لائسنس جاری کر دیئے گئے ہیں۔حرمین شریفین کی انتظامیہ کے شعبہ تعمیرات نے بتایا ہے کہ حرم میں زائرین کی گنجائش بڑھانے اور انہیں بہترین خدمات کی فراہمی کے لیے نئے منصوبوں پر کام شروع کر دیا گیا ہے، جن میں مطاف کی عمارت کی چھت، دوسری منزل اور اس کے اسٹرکچر کی تعمیر نو ، توسیع اورمرمت کے علاوہ مزید برقی زینوں کی تنصیب اور دیگر مقامات کی مرمت کا کام شامل ہے۔

اس سلسلے میں متعدد ٹھیکے داروں کو لائسنس جاری کر دیاگیا۔