Live Updates

مریم نواز کے خلاف زبان درازی عمران خان کی مرضی سے کی گئی

مسلم لیگ ن نے وزیراعظم عمران خان پر الزام عائد کر دیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان ہفتہ 24 جولائی 2021 11:23

مریم نواز کے خلاف زبان درازی عمران خان کی مرضی سے کی گئی
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 جولائی2021ء) مسلم لیگ ن کا کہنا ہے کہ مریم نواز کے خلاف زبان درازی عمران خان کی مرضی سے کی گئی۔ایک بیان میں ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب نے کہا کہ مریم نواز کے خلاف وزراء کی زبان درازی گھٹیا ذہنیت کی عکاسی ہے۔مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ مریم نواز کے خلاف زبان درازی عمران خان کی مرضی سے ہوئی ہے۔

ریاست مدینہ کا تھوڑا سا بھی پتہ ہوتا تو خاتون کے لیے یہ رویہ اختیار نہ کرتے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کے بیانات سے واضح ہے کہ یہ آزاد کشمیر میں الیکشن ہار چکے ہیں جبکہ مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا کہ عمران خان کی ذہنیت اس کے وزیروں کی زبان سے جھلکتی ہے۔ کنٹینر کی گندی ذہنیت آزاد کشمیر میں مسلط کرنے کی کوشش ہورہی ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے وزیراعظم عمران خان کی موجودگی میں آزاد کشمیرمیں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے علی امین گنڈا پور نے نائب صدر ن لیگ مریم نواز کیلئے بیہودہ اورانتہائی غیرمہذب زبان استعمال کرتے ہوئے کہا کہ او ڈاکو رانی مریم! تمہارے منہ پر اتنے تھپڑ پڑیں گے کہ تمہاری سرجری اتر جائے گی ، جو تم نے ہمارے پیسوں 8 کروڑ کروائی ہے۔ مریم سنو، تیرا دادا لوہار تھا، تمہاری بیٹی کی شادی پر تمہارے باپ نوازشریف نے مودی کو بلایا ، اس وقت نظر نہیں آیا کہ مودی کشمیر میں نوجوانوں کو مار ہے، ہماری بیٹیوں کی عصمت دری کررہا ہے،تم نے اس دن تیار ہوکر 32 کلو سونا پہنا ہوا تھا تمہارے دادے کی گوالمنڈی دکان میں اتنا لوہا نہیں تھا، جتنا تم نے سونا پہنا ہوا تھا، یہ ہمارے پیسوں کا سونا ہے۔

یہ بلاول بھٹو جو زرداری کے حرام کے پیسوں پر پلا ہو اہے، یہ اب امریکا گیا ہوا ہے، اس کی یہ حیثیت ہے کہ جب عمران خان نے کہا کہ خودداری پر کمپرومائز نہیں کروں گا اور جواب دیا کہ ایبسولوٹلی ناٹ ، یہ بلاول امریکا چلا گیا اور ہماری بے عزتی کروا دی، وہاں کسی نے اس سے ملاقات تک نہیں کی، یہ ان کی اوقات ہے، 25جولائی پی ٹی آئی کو ووٹ دے کر یقین دہانی کروائیں تاکہ آئندہ یہ حکومت نہ کریں۔ کچھ دنوں نے آزاد کشمیر میں دھاندلی کا شور چل رہا ہے، یہاں حکومت مسلم لیگ ن کی ہے، اب ان کو ہار نظر آرہی ہے تو دھاندلی کا رونا رو رہے ہیں
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات