ڈی ایس پی سرکل فیروزوالہ عمران عباس چڈھر کی زیر نگرانی دوران سرچ آپریشن پنجاب گورنمنٹ کی طرف سے 10 لاکھ روپے سر کی قیمت کا ریکارڈ یافتہ ملزم گرفتار کر لیا گیا

Umer Jamshaid عمر جمشید ہفتہ 24 جولائی 2021 11:59

ڈی ایس پی سرکل فیروزوالہ عمران عباس چڈھر کی زیر نگرانی دوران سرچ آپریشن ..
فیروزوالہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 جولائی 2021ء،نمائندہ خصوصی،اسامہ چوہدری) کے مطابق ڈی پی او شیخوپورہ چوہدری احسن سیف اللہ کی ہدایت کے مطابق عمران عباس چڈھر ڈی ایس پی سرکل فیروزوالہ کی زیر نگرانی جرائم پیشہ افراد کے خلاف کاروائیاں جاری ہیں، اسی سلسلے میں ایک روز قبل فیروزوالہ کے علاقے میں سرچ آپریشن کیا گیا اور لوگوں کی بذریعہ بائیو میٹرک ڈیوائس تصدیق کی گئی، دوران سرچ آپریشن قتل، راہزنی، ڈکیٹی، اقدام قتل اور منشیات فروشی جیسے 17 سنگین مقدمات کا ریکارڈ یافتہ اور پنجاب گورنمنٹ کی طرف سے 10 لاکھ روپے سر کی قیمت کا بھی ریکارڈ یافتہ ملزم علاقے بھر میں جرائم کی دنیا کا ڈان انجم عرف انجو کو تھانہ فیروزوالہ پولیس نے گرفتار کر لیا، جس کے قبضہ سے بھاری مقدار میں منشیات، 16 کلو چرس، 02 کلو افیون، 750 گرام ہیروئن، اور 150 گرام آئس بھی برآمد کی گئی، متعدد اضلاع کی پولیس اس ملزم کی گرفتاری کے لیے کوشاں تھی۔

(جاری ہے)

اس سرچ آپریشن میں شاہد رفیق SHO تھانہ فیروزوالہ اور سرکل کی نفری کے علاوہ ایلیٹ فورس کے جوانوں کو بھی شامل کیا گیا, اس موقع پر ڈی پی او شیخوپورہ کا کہنا ہے کہ جرائم پیشہ افراد کے خلاف کاروائیاں اسی طرح جاری رہیں گی اور شیخوپورہ کو امن کا گہوارہ بنایا جائے گا۔