آئی جی پنجاب نے غیر ملکیوں کی سکیورٹی کے لیے نیا سافٹ ویئر بنانے کا حکم دے دیا

تمام غیر ملکیوں بالخصوص چینی شہریوں کا ریکارڈ موجود ہونا چاہئیے۔ آئی جی پنجاب

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 24 جولائی 2021 12:48

آئی جی پنجاب نے غیر ملکیوں کی سکیورٹی کے لیے نیا سافٹ ویئر بنانے کا ..
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 جولائی 2021ء) : آئی جی پنجاب انعام غنی نے غیر ملکی شہریوں کی سکیورٹی کو بہتر بنانے کے لیے نیا سافٹ ویئر تیار کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق لاہور میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے آئی جی پنجاب انعام غنی نے کہا کہ پاکستان آنے اور جانے والے تمام غیر ملکیوں بالخصوص چینی شہریوں کا ریکارڈ موجود ہونا چاہئیے۔

آئی جی انعام غنی کا کہنا تھا کہ انہوں نے کہا کہ معلومات میں غیر ملکیوں کے نام، پاسپورٹ، رہائشی پتہ اور نمبر سمیت تمام تفصیلات موجود ہوں، سافٹ ویئر کی تیاری میں ائیر پورٹس پر ایس پی یو کے چائنیز ڈیسک سے بھی معاونت لی جائے، مذکورہ بالا سافٹ ویئر کی تیاری میں محکمہ ایف آئی اے سے بھی درکار کرنے کی ہرممکن معاونت حاصل کی جائے۔

(جاری ہے)

دوران اجلاس ڈی آئی جی آئی ٹی نے پیپر لیس ورکنگ کے حوالے سے پولیس آفس مینجمنٹ سسٹم کے بارے میں بھی بریفنگ دی۔

آئی جی پنجاب انعام غنی نے مزید کہا کہ پیپر لیس ورکنگ کا '' پولیس آفس مینجمنٹ سسٹم '' آئندہ دس روز میں باقاعدہ لانچ کردیا جائے، ''پولیس آفس مینجمنٹ سسٹم'' فائل ورک کے خاتمے اور جدید پولیسنگ کے نظریے کو مزید مضبوط بنائے گا۔ اجلاس میں گمشدہ بچوں اور ان کے ساتھ پیش آنے والے جرائم کے حوالے سے ایپ کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔ جس پر انہوں نے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پیپرلیس ورکنگ سسٹم 10 روز میں اورگمشدہ بچوں سے متعلق ایپ دو ہفتوں میں لانچ کر دی جائے۔

قبل ازیں صوبے بھر کی سکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لیے آئی جی پنجاب نے عید الاضحٰی کے موقع پر تمام فیلڈ کی چھٹیاں منسوخ کر دی تھیں۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ عید کے موقع پر شہریوں کو ہر ممکن سکیورٹی فراہم کی جائے، افسران عید کی چھٹیوں میں پٹرولنگ پلان پر بطور خاص فوکس کریں۔ انہوں نے کہا کہ مویشی منڈیوں اور رہائشی علاقوں میں پٹرولنگ فورس کو بڑھایا جائے۔