نوازشریف سے افغان مشیر سلامتی اور افغان وزیرمملکت کی ملاقات ،باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

نریندر مودی ہو، حمد اللہ محب یا امراللہ صالح ہر پاکستان دشمن نواز شریف کا قریبی دوست ہے، فواد چوہدری کا رد عمل

ہفتہ 24 جولائی 2021 15:05

نوازشریف سے افغان مشیر سلامتی اور افغان وزیرمملکت کی ملاقات ،باہمی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جولائی2021ء) افغان قومی سلامتی کونسل نے کہا ہے کہ لندن میں مقیم مسلم لیگ نون کے قائد اور سابق وزیرِ اعظم میاں نواز شریف سے افغان مشیرِ قومی سلامتی اور افغان وزیرِ مملکت نے ملاقات کی ہے۔افغان قومی سلامتی کونسل کے مطابق افغان مشیرِ قومی سلامتی حمد اللّٰہ محب اور وزیرِ مملکت سید سعادت نادری نے نواز شریف سے ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

دوسری جانب وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا کہ نریندر مودی ہو، حمد اللہ محب یا امراللہ صالح ہر پاکستان دشمن نواز شریف کا قریبی دوست ہے۔فواد چوہدری نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو افغانستان کے قومی سلامتی امور کے مشیر حمد اللہ محب سے ملاقات پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

(جاری ہے)

فواد چوہدری نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ نواز شریف کو باہر بھیجنا خطرناک تھا کیونکہ ایسے لوگ عالمی سازشوں میں مددگار بن جاتے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ نواز شریف کی افغانستان میں بھارتی خفیہ ایجنسی را کے سب سے بڑے حلیف حمد اللہ محب سے ملاقات ایسی ہی کارروائی کی مثال ہے۔مسلم لیگ ن کے قائد کو مزید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ نریندر مودی ہو، حمد اللہ محب ہو یا امر اللہ صالح ہر پاکستان دشمن نواز شریف کا قریبی دوست ہے۔