جموں ، کشمیری خاتون کے غیر کشمیری شوہر کو ڈومیسائل سرٹیفکیٹ جاری کر دیا گیا

ہفتہ 24 جولائی 2021 15:06

جموں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جولائی2021ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں انتظامیہ نے ایک خاتون کے غیر کشمیری شوہر کو ڈومیسائل سرٹیفکیٹ جاری کر دیا ہے ۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی حکام نے مقبوضہ علاقے کے ڈومیسائل قوانین میں حال ہی میں ایک اور شق شامل کر لی ہے جس کے تحت مقبوضہ علاقے کے رہائشی مرد یا خاتون سے شادی کرنے والی کوئی بھی غیر کشمیری خاتون یا مرد علاقے کا ڈومیسائل سرٹیفکیٹ حاصل کر سکتاہے۔

(جاری ہے)

اس شق کے تحت انتظامیہ نے جموں کی رہائشی ڈاکٹرندہی شرماDr Nidhi Sharma کے غیر کشمیری کو ڈومیسائل سرٹیفکیٹ جار ی کر دیا ہے ۔یاد رہے کہ مودی کی فسطائی حکومت نے 5اگست 2019کو مقبوضہ علاقے کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے محض چند ماہ بعد مقبوضہ علاقے میں ڈومیسائل قوانین بھی یکسر تبدیل کر دیے تھے۔ نئے ڈومیسائل قوانین کے تحت اب تک لاکھوں غیر کشمیری بھارتی ہندوئوں کومقبوضہ علاقے کے ڈومیسائل سرٹیفکیٹس دیے جاچکے ہیں جسکا واحد مقصد مقبوضہ جموںوکشمیر میں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں بدلنا ہے ۔