جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور اہلیہ سرینا عیٰسی کورونا وائرس کا شکار ہو گئے

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور اہلیہ گھر پر آئیسو لیٹ ہیں۔۔رجسٹرار آفس سپریم کورٹ

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان ہفتہ 24 جولائی 2021 14:56

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور اہلیہ سرینا عیٰسی کورونا وائرس کا شکار ہو ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 جولائی2021ء) سپریم کورٹ کے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور اہلیہ سرینا عیسی کورونا وائرس کا شکار ہو گئے۔رجسٹرار آفس سپریم کورٹ کے مطابق جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور اہلیہ کا کرونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے جس کے بعد وہ گھر پر آئیسو لیٹ ہیں۔یاد رہے کہ سماجی فاصلے، ماسک کو نظر انداز کرنے اور ایس او پیز کی خلاف ورزیوں کے باعث پاکستان میں کورونا وائرس کی چوتھی لہر کے دور ان مزید 32افراد چل بسے ،1841نئے کیسز رپورٹ ہوئے ۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 1 ہزار 841 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 32 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، اس کے مزید 1 ہزار 310 مریض شفایاب ہو گئے، مثبت کیسز کی شرح تقریباً 5 فیصد ہو گئی۔

(جاری ہے)

پاکستان بھر میں کورونا وائرس کے اب تک 22 ہزار 971 مریض انتقال کر چکے ہیں ،اس موذی وائرس کے کٴْل مریضوں کی تعداد 10 لاکھ 1 ہزار 875 ہو چکی ہے۔

ملک بھر میں ہسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز، وینٹی لیٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے 54 ہزار 122 مریض زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 2 ہزار 551 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، 9 لاکھ 24 ہزار 782 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا وائرس کے مزید 37 ہزار 636 ٹیسٹ کیئے گئے، اب تک کٴْل 1 کروڑ 56 لاکھ 22 ہزار 535 کورونا ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔پاکستان بھر میں اب تک کٴْل 2 کروڑ 40 لاکھ 96 ہزار 587 کورونا ویکسین کی خوراکیں دی جا چکی ہیں۔سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد ایک بار پھر دیگر صوبوں سے زیادہ 3 لاکھ 63 ہزار 101 ہو چکی ہے، جبکہ اس سے کٴْل اموات 5 ہزار 793 ہو گئیں۔