بیوی نے بچوں کے ساتھ مل کر شوہر کو بے دردی سے قتل کر دیا

مقتول درزی کا کام کرتا تھا،بیوی کے ساتھ اکثر جھگڑا رہتا تھا۔ پولیس ذرائع

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان ہفتہ 24 جولائی 2021 16:37

بیوی نے بچوں کے ساتھ مل کر شوہر کو بے دردی سے قتل کر دیا
پھول نگر (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 جولائی 2021ء) :بیوی نے بچوں کے ساتھ مل کر شوہر کو بے دردی سے قتل کر دیا۔تفصیلات کے مطابق پھول نگر کے علاقے میں ایک انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں باپ اپنوں کے ہاتھوں قتل ہوگیا۔بیوی نے بچوں کے ساتھ مل کر اپنے خاوند کو ڈنڈوں سے تشدد کر کے قتل کر دیا۔اس حوالے سے سٹی پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول درزی کا کام کرتا تھا اور اس کا بیوی کے ساتھ اکثر جھگڑا بھی رہتا تھا۔

پولیس تھانہ سٹی نے لاش تحویل میں لے کر قتل کرنے والے بیوی بچوں کو حراست میں لے لیا ہے اور مزید قانونی کاروائی شروع کر دی ہے۔پولیس کے مطابق ملزمان سے تفتیش جاری ہے۔پولیس نے قتل کی دفعات کے تحت واقعے کا مقدمہ درج کرکے مقتول کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے اسپتال منتقل کردیا ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب کراچی جوڈیشل کمپلیکس میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی عدالت نے بیوی کیقتل میں ملوث شوہر کے کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے ملزم اعظم کو بری کردیا۔

سیشن عدالت نے بیوی کے قتل میں ملوث شوہر کے کیس کافیصلہ سنایا، عدالت نے عدم شواہد پر 7 سال بعد ملزم اعظم کو بری کردیا۔پولیس کے مطابق ملزم سید اعظم پراہلیہ تبسم زہرہ کو قتل کرنے کا الزام تھا، ملزم کے خلاف مقدمہ ملیر سٹی تھانے میں2015میں درج کیا گیا تھا۔پولیس کا کہنا تھا کہ ملزم سے غیر قانونی اسلحہ بھی برآمد ہوا تھا، ملزم کے خلاف مقدمہ ملیر سٹی تھانے میں 2014 میں درج تھا۔

علاوہ ازیں کراچی کے علاقے گلشنِ اقبال کے بلاک 6 میں گولی لگنے سے لڑکی کی موت کا مقدمہ درج کر لیا گیا، واقعہ قتل ہے یا خودکشی، پولیس اس حوالے سے تفتیش کر رہی ہے۔ کراچی پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ سرکار کی مدعیت میں عزیز بھٹی تھانے میں درج کیا گیا ہے، جس میں قتل کی دفعہ شامل کی گئی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ شبہ ہے کہ لڑکی کو غیرت کے نام پر قتل کیا گیا، اہلِ خانہ نے پہلے کہا کہ لڑکی کو نا معلوم سمت سے آنے والی گولی لگی ہے۔پولیس نے بتایا کہ لڑکی کے اہلِ خانہ نے بعد میں بیان بدل دیا اور کہا کہ لڑکی نے خود کشی کی ہے، واقعے کی تفتیش کی جا رہی ہے۔