میڈیکل اساتذہ کوالٹی ہیلتھ کئیر کو یقینی بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں ‘گورنر پنجاب

کورونا میں ڈاکٹرز کمیونٹی کا کردار شاندار ، ٹیلی میڈیسن سسٹم کا تجربہ بہترین ثابت ہوا ‘پروفیسر الفرید ظفر

ہفتہ 24 جولائی 2021 17:29

میڈیکل اساتذہ کوالٹی ہیلتھ کئیر کو یقینی بنانے میں اپنا بھرپور کردار ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جولائی2021ء) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرورسے پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و لاہور جنرل ہسپتال پروفیسرسردار محمد الفرید ظفر نے یہاں گورنر ہاؤس میں ملاقات کی ۔ملاقات میں چوہدری محمد سرور نے کہا کہ میڈیکل کی تعلیم اور طب کے شعبے سے وابستہ اساتذہ و پروفیسرصاحبان اور سینئر ڈاکٹرز کی ذمہ داری ہے کہ وہ سرکاری ہسپتالوں پر عوام کا اعتماد پختہ کرنے کیلئے علاج معالجہ کی سہولیات اور شفاخانوں کے انتظامی امور کو مزید بہتر بنائیں اور کوالٹی ہیلتھ کئیر کو یقینی بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں تاکہ صوبے میں صحت کا شعبہ دور جدید کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے معیار پر پورا اتر سکے ۔

گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ کورونا وباء کے دوران ڈاکٹرز،نرسز اور پیرا میڈیکس نے بہت شاندار اور پیشہ وارانہ مہارت سے اس مہلک مرض میں مبتلا مریضوں کے علاج اور ان کی جانیں بچانے میں بے مثال خدمات سر انجام دی ہیں جو بلا شبہ لائق تحسین ہیں ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر الفرید ظفر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات کورونا کی چوتھی لہر بالخصوص ڈیلٹا وائرس کا سامنا کرنے کیلئے بھی ہمارا صحت کا شعبہ مکمل تندہی اور جاں فشانی سے خدمات کی انجام دہی جاری رکھے گا اور وزیر اعظم عمران خان کی شاندار حکمت عملی کو عملی جامہ پہنانے کیلئے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کرتا رہے گا ۔

پروفیسر الفرید ظفر کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور پنجاب حکومت کی جانب سے عوام کو علاج معالجے کی مفت سہولیات فراہم کرنے کیلئے صحت انصاف کارڈ کا اجراء ایک تاریخی اقدام ہے جس سے اب کوئی شخص بغیر کسی سفارش کے بہتر علاج کرا سکے گا اور پیسے نہ ہونے کی وجہ سے صحت کی سہولتوں سے محروم نہیں رہے گا۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے دوران ڈاکٹرز کمیونٹی نے شاندار خدمات سر انجام دیں ، سماجی فاصلے اور دیگر احتیاطی تدابیر کے پیش نظر مریضوں کا علاج معالجہ ڈاکٹروں کیلئے بھی ایک چیلنج سے کم نہیں تھا جس سے وہ بخوبی عہدہ برآ ہوئے۔

انہوں نے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کو بتایا کہ پنجاب بالخصوص لاہور میں ٹیلی میڈیسن سسٹم کا تجربہ شاندار رہا جس کو متعارف کروا کر مریضوں کو گھر بیٹھے کنسلٹنٹ سے مشورہ اور اپنی بیماری کے متعلق علاج و رہنمائی کرنے کا طریقہ وضع کر کے ہزاروں افراد کیلئے آسانی پیدا کی گئیں ۔ پروفیسر الفرید ظفر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں متعارف ہونے والی یہ سہولت پہلی دفعہ عوام کو میسر آئی اور اس سہولت سے جنرل ہسپتال کے ڈاکٹرز سے اندرون و بیرون ممالک سے ایک بڑی تعداد میں لوگوں نے رابطہ کر کے آن لائن میڈیکل ایڈوائزری حاصل کی ۔

سربراہ جنرل ہسپتال پروفیسر الفرید ظفر نے گورنر پنجاب کو یقین دہانی کروائی کہ پی جی ایم آئی کے ہیلتھ ایجوکیشن پلیٹ فارم سے ایسا میکنزم متعارف کروائیں گے کہ عوام علاج معالجے کے لئے سرکاری ہسپتالوں کو ترجیح دینے پر فخر محسوس کریں گے ۔انہوںنے مزید کہا کہ موجودہ حکومت نے لاہور سمیت صوبے کے دیگر شہروں میں نئے ہسپتالوں کی تعمیر اور جدید طبی آلات کی فراہمی کیلئے وافر فنڈز مختص کیے ہیں جس سے مریضوں کو خاطر خواہ ریلیف حاصل ہوگا ۔