مقبوضہ جموںوکشمیر ، بھارتی صدر کے دورے کے خلاف ہڑتال کی کال

ہفتہ 24 جولائی 2021 17:32

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جولائی2021ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارتی صدر رام ناتھ کووند کے مقبوضہ علاقے کے مجورہ دورے کے خلاف مکمل ہڑتال کی کال دی ہے۔بھارتی صدر (آج)اتوارسے مقبوضہ علاقے کا تین روز دورہ کریں گے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کشمیریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ27جولائی بروز منگل مکمل سول کرفیو نافذ کریں۔

انہوںنے کہا کہ بھارت کے صدر کا مقبوضہ علاقے کا مجوزہ دورہ کشمیریوں کے زخموں سے رستے ہوئے خون پر نمک پاشی کے مترادف ہے جو بدترین فوجی محاصرے میں زندگی گزار رہے ہیں۔انہوںنے کہا کہ کشمیریوںکو 5 اگست 2019 سے تمام بنیادی حقوق سے محروم کر دیا گیا اور قابض بھارتی فورسز کی طرف سے مقبوضہ علاقے کے اطراف و اکناف میںشہریوںکی بے رحمانہ نسل کشی ،حراستی ہلاکتیں ، بلاجواز نظربندیاں ، بے پناہ مظالم ، لوٹ مار ، رہائشی مکانوں اور دیگر املاک کی توڑ پھوڑ اور جبر و استبداد کی دیگر کارروائی روز کا معمول بن چکی ہیں۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ اس ابترصورتحال میں کسی بھی اعلیٰ بھارتی عہدیدار کا مقبوضہ علاقے کا دورہ اس بات کیلئے بھارتی فوج کی پیٹ تھپ تھپانے کے برابر ہے کہ وہ آزادی پسند کشمیریوں کے خلاف اپنے مظالم جاری رکھے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے مقبوضہ علاقے کے آزادی پسند عوام ، ملازمین ، بار ایسوسی ایشنوں، دانشوروں ، ٹرانسپورٹروں ، تاجروں ، دکانداروں ، طلباء ، مزدوروں اور زندگی کے دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والوں سے اپیل کی کہ وہ ہڑتال کو کامیاب بنا کر بھارتی سامراجیت کے خلاف اپنا احتجاج درج کرائیں۔