سنٹر ل جیل پشاور میں قیدیوں کیلئے عید پر کرکٹ ٹورنامنٹ کا شاندار انعقاد

فائنل میں ایم ڈی کے ٹیم نے خیبرسٹار کو چھ وکٹوں سے شکست دیدی ، ممبر صوبائی اسمبلی رابعہ بصری نے انعامات تقسیم کئے

ہفتہ 24 جولائی 2021 17:45

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جولائی2021ء) عید کے پرمسرت موقع پر سنٹرل جیل پشاور میںقیدیوںکیلئے صوبائی حکومت کی جانب سے کرکٹ ٹورنامنٹ کا شاندار انعقاد کیاگیا جس میں آٹھ ٹیموں نے حصہ لیا ، فائنل میں ایم ڈی کے کی ٹیم نے خیبرسٹار کو چھ وکٹوں سے شکست دیدکر ٹرافی اپنے نام کرلی ، اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی رابعہ بصری جیل سپرٹنڈنٹ مقصود خٹک نے کھلاڑیوں میں میڈلز اور ٹرافیا تقسیم کئے ۔

ان کے ہمراہ ڈپٹی سپرٹنڈنٹ سیارخان ، نواب علی خان ، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسرتحسین اللہ ، ایڈمن آفیسر پشاور سپورٹس کمپلیکس سید جعفر شاہ ، ایڈمن آفیسر ارشاد خان ، کوچ حیات اللہ سمیت دیگراہم شخصیات موجود تھیں ، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفس پشاور اور ڈائریکٹریٹ آف سپورٹس خیبرپختونخوا کے تعاون سے سنٹر ل جیل پشاور میں عید کے پرمسرت موقع پر قیدیوں کے مابین کرکٹ میلہ کا شاندار انعقاد کیاگیا جس میں آٹھ مختلف ٹیموں نے حصہ لیا ، فائنل میچ ایم ڈی کی اور خیبرسٹار کے مابین کھیلاگیا جس میں خیبرسٹار نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہو ئے مقررہ آٹھ اوورز میں 120 رنز بنائے جس میں ذاکر آفریدی نے شاند ار کھیل کا مظاہر ہ کرتے ہوئے 80 رنز بنائے اور ناٹ آئوٹ رہے ،ایم ڈی کے کی جانب سے خبیب نے دو ، خیر اللہ، حسیب اور آصف نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا جواب میں ایم ڈی کے ٹیم نے مطلوبہ ہدف ساتویں اوور میں علیشان کی جارخانہ بیٹنگ کی بدولت چار کھلاڑیوں کے نقصان پر حاصل کیا علی شان نے آٹھ چھکوں کی مدد سے 79 رنز بنائے اور مین آف دی میچ قرار پائے ، منظور 28 رنز کے ساتھ نمایاں سکور رہے ، خیبرسٹار کی جانب سے ثنا اللہ نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا ، اس سے قبل پہلے سیمی فائنل میں خیبرسٹار نے قلندر سٹار کو 35 رنز جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں ایم ڈی کے نے قمر الیون کو 7 وکٹوں سے شکست دیکر فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا ۔

(جاری ہے)

آخر میں مہمان خصوصی ممبر صوبائی اسمبلی رابعہ بصری اور جیل سپرٹنڈنٹ مقصود خٹک نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے ۔