گلی گلی اور کوچے کوچے میں قربانی کی آلائشیں پڑی ہوئی ہیں ،سلیم ترابی

ہفتہ 24 جولائی 2021 17:55

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جولائی2021ء) اہلسنّت حنفی بریلوی مساجد کی انتظامی کمیٹیوں کے اکابرین اور میلادشریف کا اہتمام کرنے والی نمائندہ تنظیمات وشخصیات پر مشتمل مرکزی میلادالائنس پاکستان کے بانی چیف آرگنائزر ،مرکزی انجمن سیرت النبی ؐ گلبہار رجسٹرڈ کے تاحیات چیئرمین وممتازقومی وسماجی رہنمامحمدسلیم خاں قادری ترابی نے عید الاضحی کے موقع پر حکومتی کارکردگی کو صفربٹاصفر قراردیتے ہوئے کہاہے کہ اہلسنّت حنفی بریلوی مساجد، مدارس، خانقاہوں ،آستانوں اور عید گاہوں کے اطراف گندگی کے انبار،ابلتے گٹر،بہتاہواگٹروں کا پانی اور جابہ جاگندے پانی کے جوہڑ دیکھ کر محسوس ہورہاہے کہ حکومت نے تین یوم کی چھٹی دے کر اپنے تمام ملازمین کو عید سے پہلے گھر اپنے گھروں کو جانے اور عوام اہلسنّت حنفی بریلوی کو اپنے کام خود کرنے پر مجبورکردیاہے۔

(جاری ہے)

وہ اپنے ساتھیوں جمعیت علمائے پاکستان کے رہنمافقیر ملک محمدشکیل قاسمی، سماجی رہنماناصرحسین خاں، انجمن نوجوانان اسلام پاکستان سندھ کے جنرل سیکریٹری عبدالوحید یونس، یاسین شکوری ویلفیئر کے چیئرمین حاجی مرزامحمدمبین بیگ اوربزم غلامان مصطفیٰ ؐپاکستان ٹرسٹ کے صدر صاحبزادہ محمدصادق قریشی کے ہمراہ کراچی کے مختلف علاقوں میں عید الاضحی کے موقع پر حکومتی اداروں کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے کارکنان اہلسنّت اور عوام اہلسنّت حنفی بریلوی کے اجتماعات سے خطاب کررہے تھے۔

محمدسلیم خاں قادری ترابی نے کہاکہ قائدین واکابرین اہلسنّت حنفی بریلوی حکومتی اداروں کے سربراہان کو اپناتعاون پیش کرتے رہے ہیں لیکن افسوس ہمارے خلوص کو اہمیت نہیں دی گئی،آج گلی گلی اور کوچے کوچے میں قربانی کی آلائشیں پڑی ہوئی ہیں ،صرف مین شاہراہوں پر صفائی کے فوٹوسیشن کئے گئے ہیں جبکہ ہر گلی کوڑے اور گندگی سے اٹی پڑی ہے،ابلتے گٹروں نے مساجد جانے والے راستوں کو گندے پانی کے تالاب میں بدل دیاہے،ٹوٹی پھوٹی سڑکوں نے عوام اہلسنّت حنفی بریلوی کاجینادوبھرکردیاہے ،Kالیکٹرک نے حیلے بہانوں سے بجلی کی فراہمی میں رکاوٹیں ڈالنے کی روایت کو برقراررکھنے میں کامیابی حاصل کی،پینے کے پانی کی فراہمی میں واٹربورڈ حکام مکمل طورپر ناکام نظرآرہے ہیں، بارشوں کے موسم میں اہلسنّت حنفی بریلوی آبادیوں میں بلدیاتی عملے کی غفلت سے صورتحال مزید خراب ہوتی ہوئی نظرآرہی ہے،اس مرحلے پر مرکزی میلادالائنس پاکستان سے وابستہ تمام تنظیمات وشخصیات اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے عوام اہلسنّت حنفی بریلوی کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، اور حکومتی اداروں کی توجہ برابر مبذول کرارہے ہیں ،امید ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ اور گورنرسندھ قائدین واکابرین اہلسنّت حنفی بریلوی سے فوری رابطہ کریں گے اور بنیادی مسائل کے حل کے لئے مشاورت کریں گے۔

محمدسلیم خاں قادری ترابی نے کہاکہ اگر حکومت سندھ نے عوام اہلسنّت حنفی بریلوی کے بنیادی مسائل کے حل کے لئے اکابرین اہلسنّت حنفی بریلوی کو اعتماد میں لے کر مشاورت نہیں کی اور عوام اہلسنّت حنفیہ بریلوی کے بنیادی حقوق کی فراہمی میں عدم دلچسپی کا مظاہرہ کیاتو پھر مرکزی میلادالائنس پاکستان سے وابستہ تمام تنظیمات اہلسنّت حنفی بریلوی آئندہ کالائحہء عمل تیارکریں گی۔

محمدسلیم خاں قادری ترابی نے کہاکہ ہم بارہایہ بات کہہ چکے ہیں کہ عوام اہلسنّت حنفی بریلوی اپنے حقوق کے حصول کے لئے میدان عمل میں آنے کے لئے مکمل تیارہیں مگر ہمارے قائدین واکابرین اہلسنّت حنفی بریلوی صبروتحمل ،برداشت اور درگزر کی تعلیم دیتے رہے ہیں ،مگر حکومتی اداروںکے ذمہ داران عوام اہلسنّت حنفی بریلوی کو احتجاجی تحریک کی طرف دھکیل رہے ہیں، جو انتہائی خطرناک عمل ہے،عید الاضحی کے موقع پر ہونے والی زیادتیوں سے ہم اپنے قائدین واکابرین کو خطوط کے زریعے آگاہ کررہے ہیں،ہماری اپنے قائدین واکابرین اہلسنّت حنفی بریلوی سے اپیل ہے کہ وہ بھی عوام اہلسنّت حنفی بریلوی کے مسائل سے حکومتی اداروں کومیڈیا کے ذریعے آگاہ کریں،کیونکہ مرکزی میلادالائنس پاکستان کے جملہ اراکین عوام اہلسنّت حنفی بریلوی کے بنیادی حقوق کے حصول کے لئے پاکستان کے آئین وقانون میں رہتے ہوئے مسلسل جدوجہد کررہے ہیں، مرکزی میلادالائنس پاکستان میں شامل تمام تنظیمات وشخصیات اہلسنّت حنفی بریلوی اپنے قائدین واکابرین سے امیدیں لگائے بیٹھے ہیں اور ازخود کوئی فیصلہ کرنے سے گریزاں ہیں ۔

محمدسلیم خاں قادری ترابی نے کہاکہ اب اپنے حقوق کے حصول کے لئے عوام اہلسنّت حنفی بریلوی بھرپوراحتجاج کے لئے تیارہیں ،امن محبت بھائی چارہ ہمارااثاثہ ہے لیکن حق مانگناکوئی جرم نہیں ہے، اس کے لئے مرکزی میلادالائنس پاکستان اپنا فریضہ انجام دیتارہے گا۔