مقبوضہ جموںوکشمیر : بھارتی فوجیوں نے مزید 2نوجوان شہید کردیے، تعداد چار ہو گئی

کل جماعتی حریت کانفرنس نے مقبوضہ علاقے میں منگل کو ہڑتال کی کال دی

ہفتہ 24 جولائی 2021 18:45

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جولائی2021ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران ہفتہ کو ضلع بانڈی پورہ میں مزید دو کشمیری نوجوان شہید کر دیے جس سے گزشتہ روز سے شہید ہونے والے نوجوانوں کی تعداد بڑھ کر چار ہو گئی۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق فوجیوںنے ان دونوںنوجوانوں کو ضلع کے علاقے سملر میں محاصرے اور تلاشی کی ایک پر تشدد کارروائی کے دوران شہید کیا ۔

آخری اطلاعات آنے تک علاقے میں بھارتی فوج کا آپریشن جاری تھا۔ قبل ازیں اسی علاقے میں ایک حملے میں بھارتی فوج کے تین اہلکار زخمی ہو گئے تھے۔بھارتی فوجیوں نے گزشتہ روز اسی طرح کی کارروائی میں ضلع بارہمولہ کے قصبے سوپور میں دونوجوان شہید کئے تھے۔

(جاری ہے)

ضلع پونچھ کے علاقے منکوٹ میں ہفتہ کو بارودی سرنگ کے دھماکے میں بھارتی فوج کا ایک اہلکار ہلاک جبکہ ایک اور زخمی ہو گیا۔

دریں اثنا ’’کشمیر میڈیا سروس‘‘ کی طرف سے ہفتہ کوجاری کی گئی ایک رپورٹ میں کہا گیا کہ بھارتی فوجیوںنے مقبوضہ جموںوکشمیر میں محاصرے اور تلاشی کی نام نہاد کارروائیوں کے دوران کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل کا سلسلہ تیز کر دیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ فوجیوں نے رواں ماہ جولائی میں اب تک 28کشمیریوں کو شہید کیا جبکہ قابض وحشی فوجیوں نے گزشتہ ماہ جون میں 16کشمیری شہید کیے تھے۔

رپورٹ میں نشاندہی کی گئی کہ بھارتی فوجیوں نے جنوری 1989سے رواں برس30جون تک 95ہزار 8سو 6کشمیری شہید کیے ہیں۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں بھارتی صدر رام ناتھ کووند کے مقبوضہ جموںکشمیر کے مجوزہ دورے کے خلاف منگل کو مکمل ہڑتال کی کال دی ہے۔ اطلاعات کے مطابق بھارتی صدر کل مقبوضہ علاقے کے تین روز دورے پر پہنچیں گے ۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے آزادی پسند کشمیریوں پر زور دیا ہے کہ وہ منگل کو سول کرفیو نافذ کریں کیونکہ رام ناتھ کووند کا دورہ کشمیریوں کے رستے ہوئے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے جو بدترین فوجی محاصرے میں زندگی گزار رہے ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ کشمیریوں کو خصوصاً 5اگست 2019سے تمام بنیادی حقوق سے محروم کر دیا گیا ہے ۔ بھارتی ٹریفک پولیس نے ایک ایڈوائیزری جاری کی ہے جس میں بھارتی صدر کے دورے کے سلسلے میں سیکورٹی وجوہات کی بنا پر سرینگر میں بولیوارڈ گپکار روڑ Boulevard-Gupkar Road پر اتوار تا منگل ٹریفک کی آمد ورفت پر پابندی عائد کر دی گئی ہے ۔

قابض حکام نے پہلی بار ایک خاتون ڈاکٹر ندھی شرما کے غیر کشمیر ی شوہر کو ڈومیسائل سرٹیفکیٹ جاری کیاہے۔ یہ حکام کی طرف سے ڈومسائل سرٹیفکیٹ کے اجراء کے قواعد وضوابط 2020ء میں حال ہی میں ایک اضافی شق شامل کرنے کے بعد ممکن ہوسکا ہے جس کے تحت کسی بھی مقامی خاتون کا غیر کشمیری شوہر ڈومیسائل سرٹیفکیٹ کے لئے درخواست دینے کا اہل ہے۔ادھر بھارت کی سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن نے ہفتہ کو جعلی گن لائسنس کے ایک کیس کے سلسلے میں پورے مقبوضہ علاقے کے تقریباً40 مقامات پرچھاپے مارے۔

یہ کیس 2018 میں ان انکشافات کے بعد سی بی آئی کے حوالے کیاگیا تھا کہ ادھمپور، ڈوڈہ ، رام بن اور کپواڑہ اضلاع میں غیر کشمیریوں کو 40ہزار جعلی بندوق لائسنس جاری کئے گئے ہیں۔ بھارت کے تحقیقاتی ادارے این آئی اے کے اہلکاروں نے ضلع کشتواڑ میں میںدربشالہ کے علاقے بدھٹ سرور میں حریت پسند کارکن محمد امین بٹ کے گھرپر چھاپہ مارااور جائیداد ضبط کرلی۔

پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف استعمال ہونے والے سپائی ویئر کو سیاسی مخالفین اور اختلاف رائے کو دبانے کے لئے ایک ہتھیارکے طورپر استعمال کیاجارہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ مودی کی قیادت میں بی جے پی کی حکومت اسی طرح بھارتی شہریوں کو شک کی نگاہ سے دیکھتی ہے جس طرح انگریز دیکھتے تھے اور ان کے ساتھ وہی سلوک کرتی ہے جو انگریز کرتے تھے۔