حیسکو کے اہلکاروں کی نااہلی کی سزا غریب افرا دکو ملی ،عمران قریشی

ہفتہ 24 جولائی 2021 19:00

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جولائی2021ء) پاکستان تحریک انصاف ضلعی صدر عمران قریشی نے وفاقی حکومت کی جانب سے لطیف آباد میں ٹرانسفارمر پھٹنے کے واقعے میں شہید ہونے والے افراد کو دیئے جانے والے معاوضے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اس میںمزید اضافے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ لطیف آباد اکبری گراؤنڈ کے قریب خواجہ کالونی میں ٹرانسفارمر پھٹنے کے واقعے میں شہید ہونے والے افرا دکے غم میں پورا حیدرآباد سوگ میں مبتلا ہے۔

حیسکو کے اہلکاروں کی نااہلی کی سزا غریب افرا دکو ملی ، عید کی خوشی کے موقع پر ہنستے بستے گھر اجڑ گئے جو قابل افسوس ہے۔ انہوں نے کہا کہ حیسکو کے نظام کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے، حیسکو کی وجہ سے شہری پریشان ہیں انہیں فوری ریلیف ملنا چاہئے کیونکہ شدید گرمی میں گھنٹوں گھنٹوں بجلی کی بندش کی وجہ سے نہ صرف کاروبار کو نقصان پہنچ رہا ہے بلکہ گھروںمیں رہنے والی خواتین کو بھی پریشانی کاسامنا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی لطیف آباد میں جاں بحق ہونے والے افراد کے غم میں برابر کی شریک ہے اور ہم شہید ہونے والوں کے درجات کی بلندی کیلئے دعا گو ہیں۔ صوبائی حکومت بھی فوری طورپر انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ٹرانسفارمر پھٹنے کے واقعے میں شہید ہونے والے افراد کو معاوضے کا اعلان کرے۔