کشمیر انتخابات کو صاف شفاف بنانے کے لئے الیکشن کمیشن اپنا آئینی کردار ادا کرے، نیر بخاری

بلاول بھٹو زرداری کی کشمیر میں الیکشن مہم کامیاب رہی، پیپلزپارٹی کی الیکشن مہم میں عوام کی بھرپور شرکت سے واضح ہوگیا کہ دھاندھلی نہ ہوئی تو کامیابی ہماری ہوگی، رہنما پیپلز پارٹی

ہفتہ 24 جولائی 2021 20:10

ْ اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جولائی2021ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل نیئر حسین بخاری نے کہا ہے کہ کشمیر انتخابات کو صاف شفاف بنانے کے لئے الیکشن کمیشن اپنا آئینی کردار ادا کرے، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی کشمیر میں الیکشن مہم کامیاب رہی، پیپلزپارٹی کی الیکشن مہم میں عوام کی بھرپور شرکت سے واضح ہوگیا کہ دھاندھلی نہ ہوئی تو کامیابی ہماری ہوگی۔

(جاری ہے)

اپنے بیان میںانہوںنے کہاکہ پیپلزپارٹی کو الیکشن کمیشن کے کردار پر تحفظات ہیں، الیکشن کمیشن اپنے ہی فیصلوں پر عملدرآمد کرانے میں ناکام نظر آیا۔ انہوںنے کہاکہ پابندی کے باوجود وفاقی وزیر دھن دھناتے پھرتے رہے لیکن الیکشن کمیشن خاموش رہا، پیپلزپارٹی اپنے تحفظات اور سرکاری وسائل استعمال ہونے کی نشاندھی کرتی رہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ پولنگ کے دوران ووٹ چوری نہ ہونے کو یقینی بنانے کے لئے الیکشن کمیشن اپنا کردار ادا کرے، دھاندلی اور سرکاری وسائل کے ذریعے ووٹ پر ڈاکہ ڈالا گیا تو دنیا بھر میں جگ ہنسائی ہوگی۔انہوںنے کہاکہ امید ہے کہ الیکشن کمیشن پیپلزپارٹی کے تحفظات کو مدنظر رکھتے ہوئے دھاندھلی کی روک تھام کے لئے بھرپور کردار ادا کرے گا۔