پاک سر زمین پارٹی نے ٹرانسفارمر حادثے میں جاں بحق افراد کیلئے 50 لاکھ اور زخمیوں کو 25 لاکھ روپے معاوضہ ادا نہ کرنے پر احتجاج کا اعلان کردیا

واپڈا میں 70 سال سے کوئی بہتری نہیں آئی کرپشن کے باعث واپڈا کی جاری لوڈ شیڈنگ اب گھنٹوں کے بجائے ہفتوں اور مہینوں تک پہنچ چکی ہے، ، شبیر قائمخانی

ہفتہ 24 جولائی 2021 20:50

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جولائی2021ء) پاک سر زمین پارٹی نے ٹرانسفارمر پھٹنے سے جاں بحق ہونے والے افراد کے لئے 50 لاکھ اور زخمیوں کو 25 لاکھ روپے معاوضہ ادا نہ کرنے کی صورت میں احتجاج کا اعلان کردیا، پی ایس پی کے وائس چیئرمین شبیر احمد قائم خانی حیدرآبادپریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے، اس موقع پر ڈویژنل صدر ندیم قاضی، شعیب جعفری، ریاست علی قائم خانی، علاؤ الدین قائم خانی، رضوان گدی ودیگر بھی موجود تھے۔

شبیر احمد قائم خانی نے کہاکہ لطیف آباد یونٹ نمبر8میں ٹرانسفارمرپھٹنے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والوں کو 50 لاکھ فی کس اور زخمیوں کو 25 لاکھ روپے معاوضہ ادا کیاجائے، زخمیوں کو علاج معالجے کی بہتر سہولتیں فراہم کی جائیں، انہوںنے کہاکہ حیدرآباد کے عوام منتخب نمائندوں سے مایوس ہوچکے ہیں، منتخب نمائندے 25 فیصدایڈوائس پر ٹھیکے دے کر مال بنانے میں پورے نہیں اداروں کی بہتری اور عوام کی سہولت کے لئے کوئی کام کرنے کو کوئی تیار نہیں ہے، انہوںنے کہاکہ وفاقی حکومت کے اتحاد ہوں یا14سال سے سندھ میں اقتدار پر قابض پیپلز پارٹی دونوں عوام کو پریشان کرکے رکھ دیا ہے واپڈا میں 70 سال سے کوئی بہتری نہیں آئی کرپشن کے باعث واپڈا کی جاری لوڈ شیڈنگ اب گھنٹوں کے بجائے ہفتوں اور مہینوں تک پہنچ چکی ہے، مختلف سوالات کے جواب دیتے ہوئے شبیر قائم خانی نے کہاکہ ایم کیو ایم پاکستان اپنی بقاء کی جدوجہد میں مصروف ہے، 40کروڑ روپے ہر ایم این اے کو فنڈز ملنے کے باوجود انہوںنے ایک ٹکے کا بھی کام نہیں کرایا، عوام ان سے مایوس ہوچکے ہیں، انہوںنے کہاکہ پی ایس پی دو تین دن کے اندر جدوجہد کا آغاز کرے گی، عوام سے اپیل ہے کہ وہ پی ایس پی کے احتجاج میں شریک ہوکر اپنے بنیادی مسائل حل کرانے میں اپنا کردار ادا کرے۔

(جاری ہے)

دریں اثناء پریس کانفرنس کے بعد حیدرآباد پریس کلب پر احتجاجی مظاہرہ بھی کیا گیا، شرکاء حیسکو حکام کے خلاف نعرے بازی کرتے رہے۔