آزاد کشمیر میں عام انتخابات آج ہوں گے، سارے انتظامات مکمل کر لیے گئے

الیکشن کی نگرانی کے لیے فوج بھی تعینات کی جائے گی،شفاف انتخابات کے لیے انتظامات مکمل

Sajjad Qadir سجاد قادر اتوار 25 جولائی 2021 07:52

آزاد کشمیر میں عام انتخابات آج ہوں گے، سارے انتظامات مکمل کر لیے گئے
مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 جولائی2021ء)  آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کیلئے آج ووٹ ڈالے جائیں گے۔ پولنگ کا عمل صبح آٹھ بجے شروع ہو گا جو کسی وقفے کے بغیر شام پانچ بجے تک جاری رہے گا۔آزاد جموں وکشمیر کے الیکشن کمیشن نے آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد کیلئے تمام انتظامات کو حتمی شکل دیدی ہے۔

پاکستان کے کسی بھی شہر میں مقیم کشمیری بھی اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکیں گے۔آئندہ پانچ سال کی مدت کیلئے آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے اراکین کے انتخاب کیلئے بتیس لاکھ سے زائد ووٹر اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔آزاد جموں و کشمیر کے اضلاع میں تینتیس اور پاکستان کے مختلف علاقوں میں مقیم جموں و کشمیر کے پناہ گزینوں کے بارہ حلقوں سمیت کل پینتالیس نشستوں پر انتخابات ہو رہے ہیں۔

(جاری ہے)

آٹھ مخصوص نشستوں کیلئے انتخابی شیڈول کا اعلان عام انتخابات کے بعد کیا جائے گا۔ادھر ممبر الیکشن کمیشن آزاد جموں و کشمیر فرحت علی میر نے کہا ہے کہ پاکستان بھر میں مقیم کشمیری پناہ گزینوں کے انتخابی حلقوں میں آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کیلئے خصوصی سکیورٹی پلان ترتیب دیا گیا ہے۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پُر امن ماحول میں ووٹرز کے حق رائے دہی کا عمل مکمل کرنے اور امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے پاک فوج کے جوان پولنگ سٹیشنز کے باہر موجود رہیں گے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کشمیری پناہ گزینوں کے بارہ حلقوں میں ہونے والے انتخاب کیلئے ضروری معاونت فراہم کر رہا ہے۔یاد رہے کہ آئندہ پانچ سال کی مدت کیلئے آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے اراکین کے انتخاب کیلئے بتیس لاکھ سے زائد ووٹر اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔آزاد جموں و کشمیر کے اضلاع میں تینتیس اور پاکستان کے مختلف علاقوں میں مقیم جموں و کشمیر کے پناہ گزینوں کے بارہ حلقوں سمیت کل پینتالیس نشستوں پر انتخابات ہو رہے ہیں۔آٹھ مخصوص نشستوں کیلئے انتخابی شیڈول کا اعلان عام انتخابات کے بعد کیا جائے گا۔