Live Updates

آزاد کشمیر الیکشن : پولنگ شروع ہوگئی، پی ٹی آئی اور پی ایم ایل این میں کانٹے کا مقابلہ متوقع

پولنگ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی، 33 نشستوں پر آزاد کشمیر میں پولنگ ہوگی، 12 نشستوں پر مہاجرین کے کوٹے پر پاکستان کے دیگر صوبوں میں مقیم کشمیری اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے

Sajid Ali ساجد علی اتوار 25 جولائی 2021 10:48

آزاد کشمیر الیکشن : پولنگ شروع ہوگئی، پی ٹی آئی اور پی ایم ایل این میں ..
مظفرآباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 جولائی2021ء ) آزاد کشمیر الیکشن کے لیے پولنگ شروع ہوگئی، پی ٹی آئی اور پی ایم ایل این میں کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔ تفصیلات کے مطابق آزاد جموں و کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کی 45 نشستوں پر آج انتخابات کا انعقاد ہونے جارہا ہے جس کے لیے پولنگ کا باقاعدہ آغاز ہوچکا ہے جہاں آزاد کشمیر کی قانون سازاسمبلی کی 45 نشستوں پر 724 امیدوار مدمقابل ہیں ، اس سلسلے میں 33 نشستوں پر آزاد کشمیر میں ہی پولنگ ہوگی جب کہ دیگر 12 نشستوں پر مہاجرین کے کوٹے پر پاکستان کے دیگر صوبوں میں مقیم کشمیری اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے۔

بتایا گیا ہے کہ الیکشن میں 32 لاکھ 20 ہزار سے زائد ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے ، پولنگ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی۔

(جاری ہے)

انتخابات سے قبل گیلپ پاکستان کی جانب سے ایک سروے کروایا گیا جس میں آزاد کشمیر کی عوام سے ان کی رائے جاننے کی کوشش کی گئی ، سروے کے دوران آزاد کشمیر کی عوام سے سوال کیا گیا کہ وہ تحریک انصاف، پیپلز پارٹی اور ن لیگ میں سے کس سیاسی جماعت کی حمایت کرتے ہیں؟ سروے کے دوران پاکستان تحریک انصاف واضح اکثریت حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔

سروے نتائج کے مطابق آزاد کشمیر کے 44 فیصد عوام نے انتخابات کے دوران تحریک انصاف کو ووٹ دینے کے عزم کا اظہار کیا، جب کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور ن لیگ عوام کی حمایت حاصل کرنے میں بری طرح ناکام رہیں جہاں 12 فیصد عوام ن لیگ اور صرف 9 فیصد لوگ پیپلز پارٹی کو ووٹ دینے کے حامی ہیں ، یوں یہ دونوں جماعتیں مشترکہ طور پر صرف 21 فیصد عوام کی حمایت حاصل کر سکیں تاہم پاکستان تحریک انصاف تنہا 44 فیصد حمایت حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔

گیلپ پاکستان کے سروے میں آزاد کشمیر کے عوام سے ان کے پسندیدہ سیاسی لیڈر کے حوالے سے بھی سوال کیا گیا، جس کے جواب میں کشمیری عوام کی اکثریت نے وزیراعظم عمران خان کو اپنا پسندیدہ ترین لیڈر قرار دیا ، آزاد کشمیر کی 67 فیصد عوام نے وزیراعظم عمران خان کو اپنا پسندیدہ لیڈر قرار دیا ، بلاول بھٹو 49 اور شہباز شریف 48 فیصد حمایت حاصل کر سکے جب کہ نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز آزاد کشمیر کی عوام میں مقبولیت حاصل کرنے میں ناکام رہیں، انہیں صرف 44 فیصد لوگوں کی حمایت حاصل ہوئی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات