Live Updates

آزاد کشمیر الیکشن : انتخابی مہم میں پیسے بانٹنے پر علی امین گنڈاپور کے خلاف کارروائی شروع

چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر کے احکامات کی مبینہ خلاف ورزی پر وفاقی وزیر برائے کشمیر امور کو 27 جولائی کو طلب کر لیا گیا

Sajid Ali ساجد علی اتوار 25 جولائی 2021 11:46

آزاد کشمیر الیکشن : انتخابی مہم میں پیسے بانٹنے پر علی امین گنڈاپور ..
مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 جولائی2021ء) آزاد کشمیر الیکشن لے سلسلے میں انتخابی مہم کے دوران پیسے بانٹنے پر وفاقی وزیر علی امین گنڈاپور کے خلاف کارروائی شروع کردی گئی ، چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر کے احکامات کی مبینہ خلاف ورزی پر وفاقی وزیر برائے کشمیر امور کو طلب کر لیا گیا، چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر نے تصدیق کردی ۔ تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر انتخابات کے حوالے سے چیف الیکشن کمشنر عبدالرشید سلہریا کی جانب سے جاری کیے گئے قوائد ضوابط کی خلاف ورزی پر علی امین گنڈاپور اور دیگر کے خلاف توہین عدالت کی درخواست الیکشن کمیشن آزاد کشمیر میں دائر کی گئی جس پر الیکشن کمیشن آزاد کشمیر نے وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 27 جولائی کو طلب کر لیا۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر عبدالرشید سلہریا نے مظفرآباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور وفاقی وزیر برائے کشمیر امور علی امین گنڈاپور کے خلاف ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر کارروائی ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں الیکشن کے لیے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں، الیکشن کی تیاری میں حکومت کی پوری معاونت حاصل رہی ہے ، آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے انتخابات میں ووٹنگ کا ٹرن آؤٹ 56 فیصد سے زائد رہنے کا امکان ہے ، پریزائیڈنگ افسران سے کہا ہے کہ نتائج کا موقع پر اعلان کریں اور پولنگ ایجنٹس کو نتائج کی کاپی فراہم کریں۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء اور وفاقی وزیر علی امین گنڈاپور سے متعلق سوال کے جواب میں جسٹس ریٹائرڈ عبدالرشید سلہریا نے کہا کہ گنڈا پور کو چھوڑ دیں، آج اچھی اچھی باتیں کریں، علی امین گنڈاپور کے خلاف کارروائی ہو رہی ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات