ملک میں ہر سال 10لاکھ نوجوان روزگار کیلئے مارکیٹ میں آرہے ہیں‘ پروفیشنل ریسرچ فورم

حکومت نوجوانوں کو ہنر مند ،چھوٹے پیمانے پر کاروبار کیلئے رہنمائی اور مالی معاونت فراہم کرے ‘ چیئرمین حسن علی قادری

اتوار 25 جولائی 2021 12:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جولائی2021ء) چیئرمین پروفیشنل ریسرچ فورم سید حسن علی قادری نے کہا ہے کہ حکومت صرف کارپورٹ سیکٹر اور بڑی انڈسٹری پر توجہ مرکوز کرنے کی بجائے گھریلو اور چھوٹی انڈسٹری کو بھی مراعات دے ،سی پیک اور اس کے تحت بننے والی سپیشل اکنامک زونز سے استفادہ کرنے کے لئے پاکستان کو ہر شعبے میں اپنی استعداد بڑھاناہو گی جس کیلئے پیشگی کوئی تیاری نظر نہیں آرہی،وزیر اعظم کے اعلانات کے باوجود سرکاری اداروں کے افسران اور اہلکار اپنی جیبیں بھرنے کیلئے سرمایہ کاری کی راہ میں رکاوٹیں حائل کرتے ہیں ۔

اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہا کہ حکومت کی جانب سے ایس ایم ایز کے لئے اتنا بجٹ مختص نہیں کیا جارہا جس کی ضرورت ہے ، ایک اندازے کے مطابق ہر سال 10لاکھ نوجوان روزگار کیلئے مارکیٹ میں آرہے ہیں جنہیں پبلک سیکٹر میں نوکریاںدینا نا ممکن ہے اس لئے حکومت کو چاہیے کہ نوجوانوں کو ہنر مند بنانے اور انہیں چھوٹے پیمانے پر کاروبار کے قابل بنانے کے لئے رہنمائی اور مالی معاونت فراہم کرے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ حکومت صرف کارپوریٹ سیکٹر اوربڑی انڈسٹری پر توجہ مرکوز کرنے کی بجائے گھریلو اور چھوٹی انڈسٹری کو بھی مراعات دے جس سے بیروزگاری جیسے گھمبیر چیلنج سے نمٹنے میںبھی مدد ملے گی ۔ حکومت چھوٹی انڈسٹری کو یوٹیلٹی بلز اور ٹیکسوں میں خصوصی رعایت دی جائے اور اس سیکٹر کے لئے انتہائی کم شرح سے فکس ٹیکس سکیم لائی جائے ۔