بھارت عالمی برادری کی آنکھوں میں دھول جھونکنا چاہتاہے کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں حالات ٹھیک ہیں‘ خواجہ فردوس

کشمیری بھارت کے ناجائز قبضے کو تسلیم نہیں کرتے اور وہ حق خود ارادیت کے حصول تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے

اتوار 25 جولائی 2021 14:50

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جولائی2021ء) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں حریت رہنما اور جموں و کشمیر ڈیموکریٹک پولٹیکل موومنٹ کے چیئرمین خواجہ فردوس نے بھارتی صدررام ناتھ کووند کے دورہ کشمیر کو ایک ڈھونگ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت عالمی برادری کی آنکھوں میں دھول جھونکنا چاہتاہے کہ مقبوضہ علاقے میں حالات بالکل ٹھیک ہیں۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق خواجہ فردوس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ قابض بھارتی انتظامیہ نے دورے سے قبل مقبوضہ جموںو کشمیر کو فوجی چھائونی میں تبدیل کررکھا ہے اور سرینگر کے بیشتر علاقوں میں سخت پابندیاں عائد کردی گئی ہیں۔انہوںنے کل جماعتی حریت کانفرنس کی جانب سے منگل کو دی گئی ہڑتال کال کی حمایت کرتے ہوئے کشمیری عوام سے اپیل کی کہ وہ منگل کو مکمل ہڑتال کرکے بھارت اور عالمی برادری پر واضح کریں کہ کشمیری بھارت کے ناجائز قبضے کو تسلیم نہیں کرتے اور وہ حق خود ارادیت کے حصول تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ جموںو کشمیر پر طاقت کے بل پر قبضہ کر رکھاہے اورجموںو کشمیرکودنیا کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل کردیا ہے۔ حریت رہنما نے کہا کہ بھارت کو کشمیری عوام کی کوئی ضرورت نہیں بلکہ اس کو کشمیر کی زمین چاہئے جس کے لئے وہ اسرائیلی طرز عمل پر کشمیری عوام کو اپنے ہی سرزمین سے بے دخل کرنے کی پالیسیوں پر عمل پیرا ہے۔

انہوں نے کہاکہ بھارت کو نوشتہ دیوار پڑھ لینی چاہئے کہ کشمیری عوام نے گزشتہ سات دہائیوں سے زیادہ عرصے میں اس کی حکمرانی کو تسلیم نہیں کیا اور نہ آئندہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک ایک بھی کشمیری زندہ ہے بھارت سے آزادی کے لئے جدوجہد جاری رہے گی۔ خواجہ فردوس نے کہا کہ جب تک مسئلہ کشمیرکو کشمیری عوام اور اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل نہیں کیا جاتا ،جنوبی ایشیا میں پائیدار امن قائم نہیں ہوسکتا۔ انہوںنے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ جنوبی ایشیامیں امن قائم کرنے اور خطے کو ایٹمی جنگ سے بچانے کیلئے تنازعہ کشمیر کو حل کرنے میں اپنا کردار اداکریں ۔