سول سوسائٹی فورم کا کشمیری رہنمائوں اور صحافیوں کی جاسوسی پر اظہار تشویش

کشمیری سیاسی اور مذہبی رہنماؤں ، صحافیوں اورانسانی حقوق کے کارکنوں کے فونز کی اس طرح کی نگرانی ختم ہونی چاہیے

اتوار 25 جولائی 2021 14:50

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جولائی2021ء) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میںجموں و کشمیر سول سوسائٹی فورم نے علاقے کے سیاسی رہنماؤں، صحافیوں، انسانی حقوق کے کارکنوں، تاجروں اور دیگر کے ٹیلیفونز کی مبینہ جاسوسی پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔

(جاری ہے)

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سول سوسائٹی فورم کے چیئرمین عبدالقیوم وانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ فون ایک قسم کی نجی رازداری کا معاملہ ہے اور اس طرح کے نجی معاملات کی جاسوسی کرنا ایک کمیونٹی اور اس کے افراد کے بنیادی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے کہاکہ اس طرح کی نگرانی کرکے کون سی پرائیویسی باقی رہ گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری سیاسی اور مذہبی رہنماؤں ، صحافیوں اورانسانی حقوق کے کارکنوں کے فونز کی اس طرح کی نگرانی ختم ہونی چاہیے اور ان رہنماؤں کو آزادانہ اور منصفانہ ماحول میں بات کرنے کی اجازت دی جانی چاہئے۔