بھارت مقبوضہ جموںوکشمیر میں ’’پکڑو اورقتل کرو‘‘ کی پالیسی پر عمل پیرا ہی: کل جماعتی حریت کانفرنس

اتوار 25 جولائی 2021 15:45

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جولائی2021ء) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ فسطائی بھارتی حکومت علاقے کے طول وعرض میں ایک بار پھر ’’پکڑو اورقتل کرو‘‘ کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے معاون سیکرٹری جنرل خواجہ فردوس وانی ایک وفد کے ہمراہ بانڈی پورہ میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے نوجوانوں کے گھر گئے اور ان کے اہلخانہ سے اظہار یکجہتی کیا۔

خواجہ فردوس نے اس موقع پر شہید نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے بھارتی فوجیوں کی طرف سے سول آبادی کے خلاف طاقت کے وحشیانہ استعمال ، گھروں کی تور پھوڑ اور دوران حراست قتل کی شدید مذمت کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ طاقت کے نشے میںچوربھارتی فورسزکے اہلکار کشمیریوں کو قتل کرکے خوش ہوجاتے ہیں۔ انہوں نے حق خوداردیت کے حصول کے لئے حریت پسندکشمیریوں کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہماری تحریک آزادی کو فوجی طاقت سے شکست نہیں دی جاسکتی کیوںکہ اس کی جڑیں کشمیریوں کے دلوں میں پیوستہ ہیں جنہوں نے 27اکتوبر 1947ء سے بھارت کے غیر قانونی قبضے کو کبھی تسلیم نہیں کیا۔

حریت رہنما نے مقبوضہ علاقے کے طول وعرض باالخصوص سرینگر شہر میں خوف ودہشت کا ماحول قائم کرنے کی شدید مذمت کی جہاں بھارتی صدر کے مجوزہ دورے سے پہلے لوگوں کو اپنے گھروں میںمحصورکردیا گیا ہے اور نقل وحرکت پر پابندیاں عائد کی گئی ہیں جبکہ شہر کی اندرونی گلیوں کو بھی بند کردیاگیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ نوشتہ دیوار واضح ہے کہ کشمیری بھارتی تسلط سے آزادی چاہتے ہیں۔ حریت رہنما نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل پرزوردیا کہ وہ تنازعہ کشمیرکواقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کرانے کے لئے بھارت پر دبائو ڈالیں۔