Live Updates

آزاد کشمیر الیکشن ، پیپلزپارٹی کے بعد مسلم لیگ ن نے بھی دھاندلی کا الزام عائد کردیا

عمران صاحب 2018 والے ہتھکنڈے اختیار کرنے کی کوشش کررہے ہیں جو ان کی بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے، عمران صاحب دھاندلی کے ذریعے آپ اپنی شکست کو فتح میں نہیں بدل سکتے۔ ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب کا بیان

Sajid Ali ساجد علی اتوار 25 جولائی 2021 16:13

آزاد کشمیر الیکشن ، پیپلزپارٹی کے بعد مسلم لیگ ن نے بھی دھاندلی کا الزام ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 جولائی2021ء) آزاد کشمیر الیکشن پر پاکستان پیپلزپارٹی کے بعد مسلم لیگ ن نے بھی دھاندلی کا الزام عائد کردیا۔ تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں مسلم لیگ(ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی اور عمران صاحب کو اپنی شکست واضح نظر آرہے، عمران صاحب 2018 والے ہتھکنڈے اختیار کرنے کی کوشش کررہے ہیں جو ان کی بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے، عمران صاحب دھاندلی کے ذریعے آپ اپنی شکست کو فتح میں نہیں بدل سکتے ، کارکنان اور عوام ہر حکومتی دھاندلی کی وڈیو اور تصاویر بنا کر عوام کے سامنے لائیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈسکہ میں الیکشن کمیشن کا عملہ اغوا کر کے اور آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کا عملہ باہر نکال کے ووٹ چوری کئے جا رہے ہیں ، مختلف پولنگ سٹیشنز پر مسلم لیگ (ن) کے پولنگ ایجنٹس کو داخل ہونے سے روکنا ڈسکہ الیکشن کا ایکشن ری پلے ہے ، حکومتی دباؤ کے ذریعے پولیس کو مسلم لیگ (ن) کے پولنگ ایجنٹس اور پارٹی رہنماوں کو ہراساں کیاجارہا ہے۔

(جاری ہے)

مریم اورنگزیب نے کہا کہ کئی پولنگ سٹیشنز پر پولنگ ایجنٹس کی غیرموجودگی میں بیگز کو کھولا گیا ، بیلٹ باکس کے حوالے سے بھی شکایات موصول ہوئی ہیں ، فائرنگ کے واقعات کی اطلاعات تشویشناک ہیں ، حکومت آزادجموں وکشمیر میں ڈسکہ والے رویے سے باز آئے ،عمران صاحب آزاد جموں وکشمیر میں مودی والا رویہ اختیار نہ کریں۔ اس سے پہلے پیپلز پارٹی رہنما شیری رحمان نے الزام عائد کیا ہے کہ آزاد کشمیر انتخابات میں منظم طریقے سے دھاندلی ہو رہی ہے ، الیکشن کمیشن حکومتی دھاندلی کو روکے اور شفافیت کو یقینی بنائے ، اپنے ایک بیان میں اُنہوں نے کہا کہ کئی پولنگ اسٹیشنز کی ووٹر زفہرستوں میں واضح فرق ہے ، فوارہ چوک پولنگ اسٹیشن پر پولیس نے پیپلز پارٹی کا کیمپ اکھاڑ دیا جب کہ کوٹلی میں پیپلز پارٹی کے امیدوار کی گاڑی پر تحریک انصاف کے کارکنوں نے فائرنگ کی۔

دوسری طرف آزاد کشمیر الیکشن میں بد نظمی اور تصادم کے نتیجے میں اب تک ایک شخص جاں بحق ہوگیا ، الیکشن میں بد نظمی کے متعدد واقعات پیش آئے جن کی شکایت الیکشن کمیشن کے پاس جمع کرا دی گئی ، کوٹلی کے حلقہ ایل اے 12 چڑھوئی میں پولنگ اسٹیشن پر فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوا جہاں تصادم دو سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کے درمیان ہوا جس کے بعد پولیس نے صورتحال کو کنٹرول کیا، اس کے علاوہ کوٹلی میں پیپلزپارٹی کے امیدوار چوہدری یاسین کی گاڑی پر بھی حملہ ہوا ، اس ضمن میں پیپلزپارٹی نے الزام لگایا ہے کہ چوہدری یاسین کی گاڑی پر حملہ پی ٹی آئی کارکنوں نے کیا ، فائرنگ سے گاڑی بری طرح متاثر ہوگئی تاہم چوہدری یسین بال بال بچ گئے۔

خیال رہے کہ آزاد کشمیر الیکشن کے لیے پولنگ شروع ہوگئی، پی ٹی آئی اور پی ایم ایل این میں کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے ، الیکشن میں 32 لاکھ 20 ہزار سے زائد ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے ، پولنگ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی ، آزاد جموں و کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کی 45 نشستوں پر آج انتخابات کا انعقاد ہونے جارہا ہے جس کے لیے پولنگ کا باقاعدہ آغاز ہوچکا ہے جہاں آزاد کشمیر کی قانون سازاسمبلی کی 45 نشستوں پر 724 امیدوار مدمقابل ہیں ، اس سلسلے میں 33 نشستوں پر آزاد کشمیر میں ہی پولنگ ہوگی جب کہ دیگر 12 نشستوں پر مہاجرین کے کوٹے پر پاکستان کے دیگر صوبوں میں مقیم کشمیری اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات