Live Updates

’الیکشن میں دھاندلی ہوئی تو میں بھارت کو پکاروں گا‘ ن لیگی امیدوار کی ہرزہ سرائی

الیکشن میں حرکتیں کیں تو بھارت کو پکاروں گا،آپ سے اچھے وہ ہیں ، حالات خراب ہوئے اور لوگ مرے تو ذمہ دار انتظامیہ ہوگی، ایل اے 35 جموں 2 سے مسلم لیگ ن کے امیدوار محمد اسماعیل گجر نے شکست کے خوف سے بھارت سے مدد مانگنے اور حالات خراب کرنے کی دھمکی دے دی

Sajid Ali ساجد علی اتوار 25 جولائی 2021 16:34

’الیکشن میں دھاندلی ہوئی تو میں بھارت کو پکاروں گا‘  ن لیگی امیدوار ..
مظفرآباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 25 جولائی 2021ء ) آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے حلقہ ایل اے 35 جموں 2 سے مسلم لیگ ن کے امیدوار محمد اسماعیل گجر نے شکست کے خوف سے بھارت سے مدد مانگنے اور حالات خراب کرنے کی دھمکی دے دی۔ تفصیلات کے مطابق حلقہ ایل اے 35 جموں 2 سے مسلم لیگ ن کے امیدوار محمد اسماعیل گجر نے تمام حدیں پار کردیں اور دشمن کی زبان میں ہرزہ سرائی کی ہے کہ الیکشن میں بھارت کو پکاروں گا ، آپ سے اچھے وہ ہیں ، ہمارا کیمپ اکھاڑا گیا، ہم دھاندلی نہیں ہونے دیں گے لیکن اگر الیکشن میں حرکتیں کیں تو بھارت کو پکاروں گا، حالات خراب ہوئے، لوگ مرے تو ذمہ دار انتظامیہ ہوگی۔

علاوہ ازیں آزاد کشمیر الیکشن پر پاکستان پیپلزپارٹی کے بعد مسلم لیگ ن نے بھی دھاندلی کا الزام عائد کردیا ، اپنے ایک بیان میں مسلم لیگ(ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی اور عمران صاحب کو اپنی شکست واضح نظر آرہے، عمران صاحب 2018 والے ہتھکنڈے اختیار کرنے کی کوشش کررہے ہیں جو ان کی بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے، عمران صاحب دھاندلی کے ذریعے آپ اپنی شکست کو فتح میں نہیں بدل سکتے ، کارکنان اور عوام ہر حکومتی دھاندلی کی وڈیو اور تصاویر بنا کر عوام کے سامنے لائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ڈسکہ میں الیکشن کمیشن کا عملہ اغوا کر کے اور آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کا عملہ باہر نکال کے ووٹ چوری کئے جا رہے ہیں ، مختلف پولنگ سٹیشنز پر مسلم لیگ (ن) کے پولنگ ایجنٹس کو داخل ہونے سے روکنا ڈسکہ الیکشن کا ایکشن ری پلے ہے ، حکومتی دباؤ کے ذریعے پولیس کو مسلم لیگ (ن) کے پولنگ ایجنٹس اور پارٹی رہنماوں کو ہراساں کیاجارہا ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ کئی پولنگ سٹیشنز پر پولنگ ایجنٹس کی غیرموجودگی میں بیگز کو کھولا گیا ، بیلٹ باکس کے حوالے سے بھی شکایات موصول ہوئی ہیں ، فائرنگ کے واقعات کی اطلاعات تشویشناک ہیں ، حکومت آزادجموں وکشمیر میں ڈسکہ والے رویے سے باز آئے ،عمران صاحب آزاد جموں وکشمیر میں مودی والا رویہ اختیار نہ کریں۔ اس سے پہلے پیپلز پارٹی رہنما شیری رحمان نے الزام عائد کیا ہے کہ آزاد کشمیر انتخابات میں منظم طریقے سے دھاندلی ہو رہی ہے ، الیکشن کمیشن حکومتی دھاندلی کو روکے اور شفافیت کو یقینی بنائے ، اپنے ایک بیان میں اُنہوں نے کہا کہ کئی پولنگ اسٹیشنز کی ووٹر زفہرستوں میں واضح فرق ہے ، فوارہ چوک پولنگ اسٹیشن پر پولیس نے پیپلز پارٹی کا کیمپ اکھاڑ دیا جب کہ کوٹلی میں پیپلز پارٹی کے امیدوار کی گاڑی پر تحریک انصاف کے کارکنوں نے فائرنگ کی۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات