ہنگری کے وزیر اعظم وکٹر اوربان کی سخت قانون سازی کیخلاف ہزاروں ہم جنس پرست احتجاجاً سڑکوں پر نکل آئے

اتوار 25 جولائی 2021 16:35

ہنگری کے وزیر اعظم وکٹر اوربان کی سخت قانون سازی کیخلاف ہزاروں ہم جنس ..
بداپست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جولائی2021ء) ہنگری کے وزیر اعظم وکٹر اوربان کی سخت قانون سازی کیخلاف ہزاروں ہم جنس پرست احتجاجاً سڑکوں پر نکل آئے اور مساوی حقوق کے حصول کے لیے شدید نعرے بازی کی۔ عالمی میڈیاکے مطابق ہنگری کے دارالحکومت میں 10 ہزار کے قریب ہم جنس پرستوں نے پرائیڈ ریلی کی جس میں شرکاء نے وزیراعظم وکٹر اوربان سے ہم جنس پرستی کے خلاف قانون واپس لینے کا مطالبہ کیا۔

مظاہرین نے پلے کارڈز اور بینرز اٴْٹھا رکھے تھے، جس میں ہم جنس پرست جوڑوں کو بچہ گود لینے سمیت بنیادی انسانی حقوق کی فراہمی اور اپنی شناخت کو فخریہ ظاہر کرنے کے لیے قانون سازی کے مطالبے بھی درج تھے۔ریلی کا انعقاد وزیر اعظم وکٹر اوربان کی جانب سے ملک میں ہم جنس پرستی کی حوصلہ شکنی کے لیے کی جانے والی قانون سازی پر ریفرنڈم کرانے کے اعلان کے بعد کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس قانون کے تحت ہم جنس پرستی کے فروغ کو روکنے کے لیے ان کے جھنڈے، لوگوز اور نعروں پر پابندی لگائی گئی تھی۔علاوہ ازیں وزیر اعظم وکٹر اوربان نے ہم جنس پرست جوڑوں پر بچوں کو گود لینے پر پابندی عائد کرتے ہوئے موقف اختیار کیا تھا اس عمل سے بچوں سے جنسی زیادتی کے واقعات میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ہنگری میں ہم جنس پرستی کے خلاف ان قوانین پر یورپی کمیشن نے دھمکی دی تھی کہ اگر یہ قوانین واپس نہ لیے گئے تو ہنگری کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ اس سے قبل یورپی عدالت روس پر ہم جنس پرستوں کو شادی کو قانونی حیثیت دینے کے لیے بھی دبائو ڈال چکی ہے۔