انٹرنیٹ کی مدد سے بینک اکائونٹس، کریڈٹ کارڈ، ڈیبٹ کارڈ اور ویزا کارڈ کو ہیک کرکے پیسے چرانے والا ملزم گرفتار

اتوار 25 جولائی 2021 19:05

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جولائی2021ء) پاکستان رینجرز (سندھ)کی ٹیکنیکل ٹیم اورایف آئی اے کے سائبرکرائم وِنگ نے کراچی کے علا قے اورنگی ٹائون میں مشترکہ کاروائی کرتے ہوئے انٹرنیٹ کی مدد سے بینک اکائونٹس، کریڈٹ کارڈ، ڈیبٹ کارڈ اور ویزا کارڈ کو ہیک کر کے پیسے چرانے میں ملوث انتہائی مطلو ب ملزم محمد آصف مغل کو گرفتار کرلیا۔

ملزم کے زیر استعمال کمپیوٹر بھی بر آمد کر لیا گیا۔ دوران تفتیش ملزم نے انکشا ف کیا کہ وہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کا ماہر ہے اور مختلف ملکوں کے بینک اکانٹ اور کریڈٹ کارڈ ہیک کرنے کی مہارت رکھتا ہے۔ ملزم Jshop ویب سائیٹ سے کارڈ خریدتا تھا اس کے بعد ڈی ایچ گیٹ یاعلی ایکسپریس سے سامان کی خریداری کرتا تھا۔ پہلے ملزم اسکائیپ پر سیلر سے بات کر کے اس کو رضا مندکرنے کے بعد 40 فیصد تک کمیشن دیکر 60 فیصد کی ان سے آن لائن خریداری کرلیتاتھا۔

(جاری ہے)

ملزم نے 2018 سے مختلف کال سینٹرز سے 2 ہزار سے 5 ہزارروپے تک میں بینک اکانٹس کا ڈیٹاخریدنا شروع کیا اور اپنے بنائے گئے کال سینٹر سے کسٹمرز کو کال کر کے بتا تا تھا کہ آپ کا اکانٹ ہیک ہو گیا ہے اور کال سینٹر سے لی گئی معلومات سے کسٹمر کو گمراہ کر کے ان سے ایک OTP جنریٹ کرواتا تھا اس طرح ملزم کسٹمر زسے OTP کوڈ لینے کے بعد ان کے اکانٹس سے پیسے نکال لیتا تھا۔

ملزم 2012 سے اس کام میں سرگرم ہے اورمختلف بینکوں کے اکانٹس اور کریڈٹ کارڈز کو ہیک کر کے عوام الناس کو لاکھوں روپے کا نقصان پہنچا چکا ہے۔ ملزم 2014 سے 2016 تک متعدد بار ملائیشیا بھی جاتا رہا ہے۔ گرفتار ملزم کومزیدقانونی کاروائی کے لیے پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔ عوام سے اپیل ہے کہ ایسے عناصر کے بارے میں اطلاع فوری طور پرقریبی رینجر ز چیک پوسٹ، رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر03479001111پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں۔آپ کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔