اسلام آباد پولیس کی منشیات فروشوں کیخلاف بھرپور مہم جاری،گزشتہ 30دنوں میں 150 منشیات فرو ش گرفتار ،منشیات برآمد

آئیں سب مل کر اپنے شہر سے اس ناسو ر کا خاتمہ کریں، اپنی نوجوان نسل کے مستقبل کو محفوظ بنائیں،ایس ایس پی آپریشنز کی شہریوں سے اپیل

اتوار 25 جولائی 2021 19:05

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جولائی2021ء) اسلام آباد پولیس کی منشیات فروشوں کے خلاف بھرپور مہم جاری،گزشتہ 30دنوں میں 150 منشیات فرو شوں کو گرفتار کرکے بھاری مقدار میں منشیات برآمدکرلی۔آئیں سب مل کر اپنے شہر سے اس ناسو ر کا خاتمہ کریں، ایس ایس پی آپریشنز کی شہریوں سے اپیل۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم پاکستان کے ویژن کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس قاضی جمیل الرحمان نے وفاقی دارلحکومت سے منشیات جیسی لعنت کے خاتمہ کے لئے بڑے پیمانے پر مہم کے احکامات دئیے تھے، ان احکامات کی روشنی میں ضلع بھر میں ایس ایس پی آپریشنز ڈاکٹر سید مصطفی تنویر کی زیرنگرانی بڑے پیمانے پر یہ مہم جاری ہے۔

ایڈیشنل ایس پی اسلام آباد فرحت عباس کاظمی کی سربراہی میں گزشتہ ایک ما ہ کے دوران بھرپور کارروائیاں کی گئیں اور150منشیات فروشوں کو گرفتار کر کے مقدمات درج کئے گئے ہیں جن سی98615گر ام چرس،13445گرام ہیروئن، 110گر ام آ ئس اور4323بو تلیں شراب برآمد کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

ایس ایس پی آپریشنزنے بتایا کہ یہ مہم اس ناسور کے خاتمہ رک جاری رہے گی، والدین بھی اپنے بچوں پر چیک اینڈ بیلنس رکھیں تاکہ وہ اس لعنت سے محفوظ رہیں، اسلام آباد پولیس نے تہیہ کیا ہے کہ اس ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے کے لئے اس کی ڈیمانڈ سپلائی دونوں کو ختم کیا جائے گا، انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ آئیں اپنی پولیس کا ساتھ دیں اور ہم سب مل کر اس لعنت سے چھٹکارا حاصل کر کے اپنی نوجوان نسل کے مستقبل کو محفوظ بنائیں۔