Live Updates

مسلم لیگ ن کے ٹکٹ ہولڈر اسماعیل گجر کے بیان کی شدید مذمت کرتے ہیں، علی امین گنڈاپور

چوہدری یاسین کے بیٹے نے اپنی فائرنگ سے متعدد پی ٹی آئی کے کارکنوں کو زخمی بھی کیا ہے،وفاقی وزیر

اتوار 25 جولائی 2021 19:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جولائی2021ء) وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کے ٹکٹ ہولڈر اسماعیل گجر کے بیان کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ اپنے بیان میں علی امین گنڈا پور نے کہاکہ مسلم لیگ ن انتخابی مہم کے آغاز سے ہی یہ بھارت کا بیانیہ پیش کر رہی ہے ، مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی پولنگ شروع ہونے سے پہلے ہی دھاندلی کا واویلا مچانا شروع ہو گئی۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ ہم نے پہلے ہی اس خدشے کا اظہار کیا تھا کہ یہ انتخابات میں دھاندلی کا رونا روئیں گے ، گلگت بلتستان میں بھی انہوں نے شکست کو دیکھتے ہوئے دھاندلی کا رونا رونا شروع کر دیا تھا، مسلم لیگ ن انتخابی مہم کے آغاز سے ہی یہ بھارت کا بیانیہ پیش کر رہی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ مسلم لیگ ن کے ٹکٹ ہولڈر اسماعیل گجر کے بیان کی شدید مذمت کرتے ہیں، اسماعیل گجر کا بیان ظاہر کرتا ہے کہ ان کے بھارت کے ساتھ گہرے مراسم ہیں۔

انہوںنے کہاکہ مسلم لیگ نون اور پیپلز پارٹی کی پی ٹی آئی کے کارکنوں کے خلاف غنڈاگردی جاری ہے ، اب تک پی ٹی آئی کے دو کارکن اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں، اس وقت تک مختلف واقعات میں پی ٹی آئی کے سات کارکن زخمی بھی ہوچکے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ پی ٹی آئی کے ایک کارکن کو چوہدری یاسین کے بیٹے نے خود فائرنگ کرکے شہید کیا، چوہدری یاسین کے بیٹے نے اپنی فائرنگ سے متعدد پی ٹی آئی کے کارکنوں کو زخمی بھی کیا ہے، آزاد کشمیر کے عوام تحریک انصاف کی بھرپور سپورٹ کر رہے ہیںہم صاف شفاف اور پرامن انتخابات کے حامی ہیں۔ انہوںنے کہاکہ شکست کو دیکھتے ہوئے مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی اپنی غنڈہ گردی سے بدامنی پھیلانا چاہتی ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات