عمران نیازی عوام اور ملک کی تباہی و بربادی کیلئے اقتدار میں رہنا چاہتے ہیں،امیر مقام

عمران خان نے جتنی توجہ کشمیر الیکشن میں دھاندلی پر دی اگر اس کا چوتھائی حصہ مہنگائی کے خاتمے پر دیتے تو کروڑوں عوام کا فائدہ ہو جاتا،صدر مسلم لیگ (ن)خیبرپختو نخوا

اتوار 25 جولائی 2021 19:30

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جولائی2021ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا کے صدر انجینئرا میر مقام نے کہا ہے کہ عمران خان نے جتنی توجہ کشمیر الیکشن میں دھاندلی پر دی اگر اس کا چوتھائی حصہ مہنگائی کے خاتمے پر دیتے تو کروڑوں عوام کا فائدہ ہو جاتا، اقتدار میں رہتے ہوئے سیاسی جماعتوں کا محور عوامی خدمت ہوتی ہے جبکہ عمران نیازی عوام اور ملک کی تباہی و بربادی کیلئے اقتدار میں رہنا چاہتے ہیں، پی ٹی آئی کے اٴْمور کشمیر کے وفاقی وزیر نے پختونوں کو بد نامی کے سوا کچھ نہیں دیا، کشمیر میں جا کر جو غلیظ زبان مریم نواز کے خلاف استعمال کی وہ پختون روایات کے منافی ہے،پاکستان اور مسلم لیگ لازم و ملزوم ہے یہ بات اب عوام کے سمجھ میں آ رہی ہے اگر ملک کو بچانا ہے تو مسلم لیگ ن کا ساتھ دینا ناگزیر ہے، جنوبی اضلاع اور کرک کے عوام کا مسلم لیگ ن سے محبت دیکھ کر یہ اندازہ ہو گیا ہے کہ وہ صرف مسلم لیگ ن کو چاہتے ہیں آج 40 ڈگری سینٹی گریڈکی گرمی میں عظیم الشان کنونشن کا انعقاد اس بات کا ثبوت ہے کہ کرک کے عوام پاکستان مسلم لیگ ن کے حق میں فیصلہ دے چکے ہیں، اگر اللہ تعالیٰ نے صوبے کی خدمت کا موقع دیا تو کرک کے عوام کو اس کا حق دلا کر رہیں گے، انجینئر امیر مقام ضلع کرک میں پاکستان مسلم لیگ ن کے زیر اہتمام عظیم الشان ورکرز کنونشن سے خطاب کر رہے تھے، اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما سراج الدین، ضلعی صدر کرک میاں اخلاق اور ضلعی یوتھ ونگ صدر احمد ضیاء نے بھی خطاب کیا، کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انجینئر امیرمقام کا کہنا تھا کہ آج کرک کے تیل و گیس کے ذخائر سے پورا ملک مستفید ہو رہا ہے جس پر سب سے پہلا حق کرک کے عوام کا ہے، مگر یہاں کے عوام کو اٴْن کا جائز حق نہیں دیا جا رہا ہے، ماضی میں ہمیں جب بھی موقع ملا تو وفاقی حکومت کی جانب سے کرک کے عوام کا بھر پور ساتھ دیا اور رائیلٹی اور بجلی کے مسائل حل کرنے کیلئے اقدامات اٴْٹھائے، آج انڈس ہائی وے پر جو تعمیراتی کام ہو رہا ہے وہ میاں نواز شریف اور پاکستان مسلم لیگ ن کی مرہون منت ہے اور یہ مسلم لیگ ن کا لگایا ہوا پودا ہے انشاء اللہ بہت جلد جنوبی اضلاع کے لوگ اس منصوبے سے مستفید ہونگے اور وہ بآسانی پشاور تک سفر کر سکیں گے، یہ اربوں روپے کا منصوبہ ہے جس سے جنوبی اضلاع کی تقدیر بدل جائے گی اور اس کے ساتھ ڈی اے خان موٹر وے بھی نواز شریف کا تحفہ ہے، موجودہ حکومت کا کارنامہ صرف بنوں ائیر پورٹ کی بندش ہے، کرم تنگی ڈیم بھی پاکستان مسلم لیگ ن کا یہاں کے عوام کیلئے تحفہ ہے ڈیم کی تکمیل سے جنوبی اضلاع کے عوام کی بنجر زمینیں آباد ہو جائیں گی، انجینئرامیر مقام نے پاکستان مسلم لیگ ن کرک پی کے 86 کے کارکنان اور خصوصاً سینئر رہنما سراج الدین کواس شدید گرمی کے باوجود عظیم الشان کنونشن کے انعقاد پر مبارکباد دیتا ہوں کنونشن میں سینئر مسلم لیگی رہنما محمود خٹک نے بھی شرکت کی اور بعد ازاں ضلعی یوتھ ونگ صدر احمد ضیاء کی جانب سے دئیے گئے ظہرانہ میں شرکت کی قبل ازیں کرک ٹول پلازہ پر ضلعی صدر میاں اخلاق اور جنرل سیکرٹری ریاض خٹک کی قیادت میں شاندار استقبال کیا گیا اور صوبائی نائب صدر حاجی نوروز خان نے استقبالیہ دیا۔