حیسکو نے غریب عوام سے زندہ رہنے کا حق بھی چھین لیا ہے ، حیدرآباد میں ٹرانسفارمر پھٹنے کے واقعات تیزی سے بڑھ رہے ہیں ، حسین محنتی

اس حادثے کے ذمہ دار حیسکو کے افسران ہیں اس کی ایف آئی بھی انہیں افسران کے خلاف درج کی جائے ، امیر جماعت اسلامی

اتوار 25 جولائی 2021 22:10

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جولائی2021ء) امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی لطیف آباد یونٹ نمبر8اکبر ی مسجد کے قریب ٹرانسفارمر پھٹنے میں شہید ہونے والے افراد کے ورثاء کے گھر گئے لواحقین سے اظہارتعزیت کی اور مرحومین کے بلند درجات کے لئے دعائے مغفرت بھی کی، اس موقع پرڈپٹی جنر ل سیکریٹری جماعت اسلامی سندھ حافظ طاہر مجید، ضلعی امیر عقیل احمد خان ،صوبائی سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنہ، جنرل سیکریٹری ظہیر الدین شیخ ، عبدالباسط خان ، قاری ارشد ہاشمی بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی نے شہید ہونے والے لواحقین سے گفتگو میں ٹرانسفارمر پھٹنے کے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حیسکو نے غریب عوام سے زندہ رہنے کا حق بھی چھین لیا ہے ، حیدرآباد میں ٹرانسفارمر پھٹنے کے واقعات تیزی سے بڑھ رہے ہیں ، حیسکو کا کرپٹ عملہ خراب ٹرانسفارمر کی ناقص مرمت کے لیے بھی عوام سے ہزاروں روپے رشوت طلب کر تا ہے ،مہنگائی کی چکی میں پسے صارفین پر بھاری ڈیڈیکشن لگایا جا رہا ہے جو سرا سر ظلم ہے، انہوں نے کہا کہ حیسکو افسران کی نااہلی کی وجہ سے المناک حادثہ ہوا ہے حیسکو نے اپنی نااہلی کا ثبوت دیا ہے ایسا ٹرانسفارمر نصب کیا گیا جو پہلے سے ہی لیک ہو رہا تھا ٹرانسفارمر پھٹنے کے دو واقعات میں 10افراد کا جاں بحق ہونا حکومت کے لیے لمحہ فکریہ ہے ، حکومت نے اس واقعہ کا اب تک کوئی نوٹس لیا ہے اور نہ ہی ورثاء کو انصاف کے لیے کوئی یقین دہانی کرائی گئی ہے، انہوں نے کہا کہ اس حادثے کے ذمہ دار حیسکو کے افسران ہیں اس کی ایف آئی بھی انہیں افسران کے خلاف درج کی جائے ، حکومت کو چاہیے کے ان کی داد رسی کرے ، ان کی مالی امداد کرے ، انہوں نے کہا کہ زخمی ہونے والوں کے لئے سول ہسپتال حیدرآباد میں علاج معالجے کی سہولتیں ناپید ہونے کی وجہ سے زخمی ٹرپتے رہے اور انہیں کراچی منتقل کرنا پڑا ،اگر زخمیوں کو بروقت علاج کی سہولت دے دی جاتی تو قیمتی جانیں بچائی جا سکتی تھیں، صوبائی حکومت، وزیر اعلیٰ سندھ اور وزیر صحت اس معاملے کا نوٹس لیں۔