Live Updates

آزادکشمیرکے انتخابات میں تحریک انصاف نے میدان مار لیا،25سیٹوں پر کامیابی حاصل کرلی

پیپلز پارٹی 11 اور مسلم لیگ (ن) 6 حلقوں سے کامیاب

Faizan Hashmi فیضان ہاشمی پیر 26 جولائی 2021 10:45

آزادکشمیرکے انتخابات میں تحریک انصاف نے میدان مار لیا،25سیٹوں پر کامیابی ..
مظفر آباد(اُردو پوائنٹ، اخبار تازہ ترین، 26جولائی 2021) آزادکشمیرکے انتخابات میں تحریک انصاف نے میدان مار لیا۔ تفصیلات کے مطابق غیر سرکاری نتائج کے مطابق پی ٹی آئی نے 25 سیٹوں پر میدان مار لیا ہے ، پاکستان پیپلز پارٹی 11 اور مسلم لیگ (ن) 6 حلقوں سے کامیابی سمیٹ سکی۔ مسلم کانفرنس اور جموں کشمیر پیپلز پارٹی ایک، ایک نشست حاصل کرنے میں کامیاب۔

ایل اے سولہ میں  پی ٹی آئی کے امیدوار سردار میر اکبر کو برتری حاصل ہے جبکہ آزاد کشمیر الیکشن کمیشن نے انتخابی نتائج روکتے ہوئے 4 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کا اعلان کر دیا۔ آزاد جموں وکشمیر میں قانون ساز اسمبلی کے 45 حلقوں میں ووٹ ڈالے گئے۔ ان میں سے 33 حلقے آزاد کشمیر کے 10 اضلاع میں ہیں جبکہ پاکستان کے چاروں صوبوں میں رہنے والے کشمیری مہاجرین کی 12 نشستوں پر بھی ووٹ ڈالے گئے۔

(جاری ہے)

قانون ساز اسمبلی کی 8 مخصوص نشستوں کا انتخاب سرکاری نتائج آنے کے بعد کیا جائے گا۔ دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے آزاد کشمیر کے الیکشن کے نتائج ماننے سے انکار کر دیا۔انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ میں نے نتائج تسلیم نہیں کیے ہیں اور نا کروں گی۔ میں نے تو2018 کے نتائج بھی تسلیم نہیں کیے نا اس جعلی حکومت کو مانا ہے۔ ورکر اور ووٹرز کو شاباش دی ہے۔مریم نواز نے مزید کہا کہ اس بے شرم دھاندلی پر کیا لائحہ عمل ہو گا، جماعت جلد فیصلہ کرے گی

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات