Live Updates

پی پی ،(ن) لیگ والے آزاد کشمیر انتخابات کے نتائج سے سیاسی مستقبل کا اندازہ لگا سکتے ہیں‘ جمشید اقبال چیمہ

دونوں جماعتوں نے کرپشن اور لوٹ مار کو رواج کے طو رپر متعارف کرایا ‘ معاون خصوصی کا این ای127میں خطاب عمران خان نے نظام کو یر غمال بنانے والی (ن) لیگ کو تیسرے نمبر پر دھکیل دیا ہے‘ ترجمان پنجاب حکومت مسرت چیمہ

پیر 26 جولائی 2021 11:55

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جولائی2021ء) وزیر اعظم کے معاون خصوصی فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) والے گلگت بلتستان اورآزاد کشمیر کے انتخابات کے نتائج سے اپنے سیاسی مستقبل کا بخوبی اندازہ لگا سکتے ہیں، دونوں جماعتوں نے کرپشن اور لوٹ مار کو رواج کے طو رپر متعارف کرایا لیکن وزیر اعظم عمران خان نے شفافیت کے نظام کے ذریعے اس رواج کو منوں مٹی تلے دفن کر دیا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ این ای127کی یونین کونسل163میں 11.8ملین روپے کی لاگت سے نئی سوئی گیس پائپ لائن کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ اور دیگر بھی موجود تھے۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ تحریک انصاف ملک میں میرٹ اور بالا دستی کو یقینی بنانے کے لئے کوشاں ہے ،پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے کئی دہائیوں کے پیدا کردہ بیگاڑ کو درست کرنے کیلئے کچھ وقت درکار ہے اور اس کے لئے پیشرفت جاری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ماضی میں لوگ کرپشن کو برائی نہیں سمجھتے تھے لیکن وزیر اعظم عمران خان نے عوام میں شعور بیدا ر کیا کہ کرپشن نے اس ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کیا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ حلقے کے مسائل کو حل کرنے کے لئے دن رات کاوشیں جاری ہیں اور نئی سوئی گیس پائپ لائن بچھانے کا منصوبہ اس کی ایک کڑی ہے ۔ ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ آزاد کشمیر کے غیور عوام نے بھی نوازشریف اوران کی صاحبزادی کے بیانیے کو مسترد کر دیا، مریم صفدر کی منفرد پہچان ہے کہ وہ جہاں بھی گئیں مسلم لیگ (ن) کیلئے ناکامی اور شکست چھوڑ کر آئیں ، آئندہ عام انتخابات میں عوام سندھ میںبھی بڑی تبدیلی لانے کیلئے بیتاب ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف سمجھدار ہیں وہ آزاد کشمیر میں تبدیلی کی ہوائوں کا رخ دیکھ چکے تھے اس لئے لا تعلق رہے، عمران خان نے نظام کو یر غمال بنانے والی (ن) لیگ کو تیسرے نمبر پر دھکیل دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی کی آزاد کشمیر میںکامیابی سے مقبوضہ کشمیر پر اپنائے گئے موقف کو تقویت ملے گی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات