Live Updates

آزادکشمیرانتخابات:تحریک انصاف کی کامیابی2018کا ری پلے ہے.مریم نواز

عام آدمی کے ووٹ سے بنتے تو سچ میں ہمیں خوشی ہوتی اور آپ کو مبارک بھی ضرور دیتے.نون لیگی راہنما کا بیان

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 26 جولائی 2021 12:59

آزادکشمیرانتخابات:تحریک انصاف کی کامیابی2018کا ری پلے ہے.مریم نواز
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-ا نٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 26 جولائی ۔2021 ) مسلم لیگ (ن) نے آزاد جموں و کشمیر کے عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کی کامیاب کو 2018 کا ”ری پلے“ قرار دے دیا ہے آزاد کشمیر میں ہونے والے انتخابات میں پی ٹی آئی کے مدمقابل مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی تھی غیر سرکاری اور غیر حتمی انتخابی نتائج کے مطابق پی ٹی آئی نے 25، پیپلز پارٹی نے 10 اور پاکستان مسلم لیگ (ن) 6 حلقوں میں کامیابی حاصل کی ہے.

(جاری ہے)

اس کامیابی پر وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا کہ کشمیر انتخابات میں تحریک انصاف کی شاندارکامیابی عام آدمی کے وزیراعظم عمران خان پرغیرمتزلزل اعتماد کا اظہار ہے خیال رہے کہ پی ٹی آئی 2018 میں ہونے والے عام انتخابات میں کامیابی کے بعد اقتدار میں آئی جس کے بارے میں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کا دعویٰ ہے کہ 2018 کے انتخابات میں غیرمعمولی دھاندلی کی گئی.

فواد چوہدری کے ٹوئٹ کے جواب میں مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے جواب دیا کہ 25 جولائی 2021 درحقیقت 2018 کا ری پلے تھا، عام آدمی کا رزلٹ آنے تک مسلم لیگ (ن) آگے تھی اور رزلٹ رک جانے کے بعد ووٹ چور آگے ہوگئے انہوں نے کہا کہ عام آدمی کے ووٹ سے بنتے تو سچ میں ہمیں خوشی ہوتی اور آپ کو مبارک بھی ضرور دیتے، عام آدمی کشمیر فروشوں کو ووٹ نہیں دیتے.

مریم نواز نے کہا کہ عام آدمی آٹا، چینی، بجلی، گیس، ووٹ اور دوائی چوری کرنے والوں کو قبول کرنے کو تیار نہیں لیکن زبردستی مسلط کیا جاتا ہے، زبردستی مسلط کر کے عوام کے حقوق پر ڈاکا ڈالا جاتا ہے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا ووٹ پر نہیں ووٹ چوری پرغیرمتزلزل اعتمادہے. نائب صدر مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا آرٹی ایس، اے ٹی ایمز اور مافیاز پر غیرمتزلزل اعتماد ہے ان کی 22 سال کی جدوجہد کا حاصل لوٹے، اے ٹی ایمز، مافیا اور ووٹ چوری پر غیرمتزلزل اعتماد ہے.

علاوہ ازیں وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا تھا کہ اپوزیشن اپنی قیادت اور سیاست پر نظرثانی کرے پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور نون لیگ کے قائد نوازشریف کو لوگ قبول کرنے کو تیار نہیں اس لیے متبادل قیادت کا وقت ہے. دوسری جانب پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آزاد کشمیر میں عام انتخابات میں تحریک انصاف پر دھاندلی کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی 11 نشستوں کے ساتھ آزاد جموں و کشمیر میں سب سے بڑی اپوزیشن جماعت بن کر ابھری ہے.

انہوں نے ٹوئٹ میں کہا کہ تحریک انصاف نے انتخابات میں تشدد اور دھاندلی کا سہارا لیا اور الیکشن کمیشن آف پاکستان انتخابی قوانین کی خلاف ورزی پر پی ٹی آئی کے خلاف کارروائی کرنے میں ناکام رہا. خیال رہے کہ پی ٹی آئی آزاد جموں و کشمیر میں آئندہ حکومت تشکیل دینے کے لیے تیار ہے، قانون ساز اسمبلی کی کل 45 جنرل نشستوں میں سے 43 کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق پی ٹی آئی نے سیاسی حریفوں پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کو شکست دے دی .
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات