سعودیہ میں ایک اور شہزادی اللہ کو پیاری ہو گئیں

شہزادہ مصعب بن سعود بن عبدالعزیز السعود کی والدہ گزشتہ روز انتقال کر گئیں، آج ریاض میں تدفین کی جائے گی

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 26 جولائی 2021 13:02

سعودیہ میں ایک اور شہزادی اللہ کو پیاری ہو گئیں
ریاض (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔26جولائی2021ء ) سعودی عرب میں گزشتہ چند ہفتوں کے دورا ن متعدد شہزادے اور شہزادیاں انتقال کر گئے ہیں۔مئی اور جون میں شاہی خاندان کے کئی افراد اللہ کو پیارے ہو گئے۔اب شاہی خاندان کو ایک اور بڑا صدمہ برداشت کرنا پڑا ہے۔عید کے چند روز بعد سعودی شہزادی کا انتقال ہو گیا ہے۔ سعودی میڈیا کے مطابق شہزادہ مصعب بن سعود بن عبدالعزیز السعود کی والدہ گزشتہ روز انتقال کر گئی ہیں۔

ان کی نماز جنازہ آج ریاض کی امام تُرکی بن عبداللہ جامع مسجد میں نمازِ عصر کے بعد ادا کی جائے گی اور وہیں قریب کے قبرستان میں ان کی تدفین کی جائے گی۔ ایوان شاہی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اللہ تعالی کے حضور دعا ہے کہ وہ ان کے ساتھ فضل و کرم کا معاملہ فرمائے ان کی مغفرت کردے اور انہیں جنت الفردوس سے نوازے۔

(جاری ہے)

یہاں آپ کو بتاتے چلیں کہ عید کے پہلے روز ہی سعودی شاہی خاندان کو اس وقت صدمہ اٹھانا پڑا جب سعودی فرمانروا کے سب سے بڑے بیٹے شہزادہ فہد بن سلمان کی بیوہ اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی بھاوج شہزادی نوف بن خالد بن عبداللہ بن عبدالرحمان السعود انتقال کر گئیں۔

ان کے شوہر شہزادہ فہد2001ء میں 46 برس کی عمر میں وفات پا گئے تھے۔ شہزادی نوف ، شاہ عبدالعزیز کی نواسی اور شہزادی جوہرہ کی بیٹی تھیں۔ان کی نماز جنازہ گزشتہ بُدھ کے روز ریاض کی امام ترکی جامع مسجد میں ادا کی گئی ، جس میں شاہی خاندان کے اہم افراد نے شرکت کی۔ جس کے بعد انہیں مقامی قبرستان میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔واضح رہے کہ چند روز قبل شہزادی الجوہرہ بنت محمد بن عبدالعزیز بن عبدالرحمن آل سعودانتقال کر گئی ہیں۔

اس سے پہلے سعودی شہزادہ مشاری بن منصور بن مشعل کی والدہ اور پھر شہزادہ محمد بن عبدالرحمن بن عبدالعزیز السعود کی والدہ انتقال کر گئی تھیں۔اپریل کے مہینے میں ہی شاہی خاندان کے معروف شہزادے بندر بن فیصل بن سعود بن عبدالرحمن ال سعود انتقال کر گئے تھے۔ ان کی نماز جنازہ گزشتہ سوموار کو ادا کرنے کے بعد ریاض شہر میں تدفین کر دی گئی ہے۔

مرحوم شہزادہ بندر بن فیصل سعودی مملکت کے بانی شاہ عبدالعزیز کے نواسے تھے۔ ان کے پسماندگان میں 13 بیٹے اور بیٹیاں شامل ہیں۔ شہزادہ بندر کے ایک بیٹے شہزادہ سعود بن بندر معروف شاعر بھی ہیں۔مارچ کے مہینے میں شہزادہ بندر بن ذعار بن ترکی بن عبدالعزیز انتقال کر گئے تھے۔ ماہ فروری کے آخری ہفتے میں شہزادہ فہد بن محمدبن عبدالعزیز السعود بن فیصل السعود انتقال کر گئے تھے۔

ان کے انتقال سے چند روز قبل شاہی خاندان کی معروف شخصیت شہزادی لمیا بنت ھذلول بن عبدالعزیز آل سعود انتقال فرما گئی تھیں۔شہزادی لمیا کی وفات سے دو روز قبل سعودی شہزادی دنا بنت عبداللہ بن ترکی بن عبدالعزیز انتقال کرگئی تھیں۔شہزادی دنا شہزادہ عبداللہ بن ترکی بن عبدالعزیز کی بیٹی تھیں۔اس سے کچھ روز قبل سعودی شہزادے عبدالرحمان بن فیصل بن سعود کی والدہ انتقال فرما گئی تھیں۔ اسی ماہ کے دوران شہزادی نورہ بنت فہد بن محمد بن عبدالرحمٰن السعود انتقال کر گئی تھیں۔