عمان میں لاک ڈاؤن ختم کرنے کا اعلان ہو گیا

عید سے قبل شام 5 بجے سے صبح 4 بجے تک ٹریفک اور کاروباری سرگرمیوں پر مکمل پابندی عائد کی گئی تھی، جسے ختم کر دیا گیا ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 26 جولائی 2021 13:34

عمان میں لاک ڈاؤن ختم کرنے کا اعلان ہو گیا
مسقط (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔26جولائی2021ء ) خلیجی سلطنت عمان کو بھی دیگر ممالک کی طرح کورونا وبا کا سامنا ہے، گزشتہ کچھ عرصے کے دوران کورونا کیسز میں اضافہ ہو گیا تھا ، جس کی وجہ سے حکام کے خطرات کو بھانپتے ہوئے سخت اقدامات لینے کا اعلان تھا۔ جس کے تحت عید کی تعطیلات کے دوران کورونا وبا کو روکنے کے لیے لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا تھا۔ شام پانچ بجے سے صبح چار بجے تک جاری رہنے والے اس لاک ڈاؤن میں تمام کاروباری سرگرمیاں ممنوع کر دی گئی تھی اور تمام قسم کی ٹریفک بھی بند تھی۔

عمان کے محکمہ صحت کے ترجمان ڈاکٹر احمد محمد السعید نے بتایا ہے کہ حالیہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے سلطنت میں کورونا کیسز کے پھیلاؤ کو روکنے میں بڑی مدد ملی ہے۔ واضح رہے کہ عمان کی حکومت نے تین ماہ قبل پاکستان ، بھارت اور بنگلہ دیش کے مسافروں کے لیے فضائی سفر پر پابندی کا اعلان کیا تھا۔

(جاری ہے)

جس کا اطلاق 24 اپریل سے شروع ہوا تھا۔ یہ فضائی پابندی کورونا کیسز میں اضافے کے باعث عائد کی گئی تھی۔

جس کے بعد ہزاروں پاکستانی ویزہ ہولڈرز کے عمان واپس جانے میں رکاوٹ پیدا ہو گئی تھی جو شدت سے عمان واپسی کے منتظر تھے۔اس پابندی میں 5 مئی کو غیر معینہ مْدت کے لیے پابندی عائد کر دی گئی تھی اور پھر 5 جون کے بعد غیر معینہ مُدت کے لیے پابندی میں توسیع کر دی گئی تھی۔ اب اس حوالے سے ایک بار پھر بُری خبرآ گئی ہے۔ عمان حکومت نے پاکستان اوربھارت سمیت 24 ممالک کے مسافروں کے عمانی سلطنت میں داخلے پر عائد پابندی میں مزید توسیع کر دی ہے۔

عمانی میڈیا کے مطابق عمان کی حکومت نے پاکستان اور انڈیا سمیت 24 ملکوں سے مسافروں کی آمد پر پابندی کی مُدت میں غیر معینہ مُدت کے لیے توسیع کر دی ہے۔ پہلے اس فہرست میں 14 ممالک شامل تھے تاہم اب مزید 10 ممالک کے مسافروں کے بھی عمان آنے پر پابندی ہوگی۔ عمان کی کورونا وائرس ٹاسک فورس نے اعلان کیا ہے کہ سفری پابندی کی فہرست میں پاکستان، انڈیا، بنگلہ دیش، گھانا، تیونس، برطانیہ، لبنان، برونائی، انڈونیشیا، ایتھوپیا، ارجنٹائن، ایران، برازیل، سوڈان، عراق، فلپائن، سنگاپور، جنوبی افریقہ، تنزانیہ، کولمبیا، نائجیریا، لیبیا، گیانا اور سیرا لیون شامل ہیں۔

حکام کے مطابق ان ممالک میں کورونا کی اس نئی قسم کے کیسز سامنے آ رہے ہیں جو بہت تیزی سے پھیلتی ہے اور اس سے ہلاکتیں بھی زیادہ ہو رہی ہیں۔