اسلام آباد ہائی کور ٹ کا لاپتہ شہری عمران خان کی بازیابی تک اہل خانہ کو اس کی تنخواہ کے برابر ماہانہ ادائیگی کے فیصلے پر عملدرآمد کا حکم

شہری لاپتہ ہونے کے وقت جتنی سیلری لے رہا تھا اس کے برابر رقم اہل خانہ کو ادا کی جائے، 30 جون کو معاوضے کی ادائیگی کا حکم دیا تھا، عدالت عالیہ

پیر 26 جولائی 2021 13:43

اسلام آباد ہائی کور ٹ کا لاپتہ شہری عمران خان کی بازیابی تک اہل خانہ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جولائی2021ء) اسلام آباد ہائی کور ٹ نے لاپتہ شہری عمران خان کی بازیابی تک اہل خانہ کو اس کی تنخواہ کے برابر ماہانہ ادائیگی کے فیصلے پر عملدرآمد کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ شہری لاپتہ ہونے کے وقت جتنی سیلری لے رہا تھا اس کے برابر رقم اہل خانہ کو ادا کی جائے، 30 جون کو معاوضے کی ادائیگی کا حکم دیا تھا۔

پیر کو دور ان سماعت پٹیشنر کی جانب سے کرنل ریٹائرڈ انعام الرحیم ایڈووکیٹ، وفاق کی طرف سے ڈپٹی اٹارنی جنرل پیش ہوئے ،ڈپٹی اٹارنی جنرل سید طیب شاہ نے وزارت داخلہ کی جانب سے 16 جولائی کو لکھا گیا خط عدالت میں پیش کیا ۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل نے کہاکہ عدالتی حکم کی روشنی میں لاپتہ شہری کی پٹیشنر والدہ کو خط لکھا ہے کہ بیٹے کی سیلری سلپ جمع کرائیں۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے کہاکہ عدالتی حکم کے بعد یہ لیٹر لکھنے کی کوئی ضرورت نہیں تھی، پٹشنر کے بیان حلفی کی روشنی میں معاوضے کی ادائیگی کی جائے، عدالت کے فیصلے پر عمل درآمد کر کے 3 اگست تک عمل درآمد رپورٹ جمع کرائیں۔ چیف جسٹ نے کہاکہ ریاست شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کی ذمہ دار ہے۔والدہ نسرین بیگم نے کہاکہ 19 مئی 2015 کو پیش ہونے کے وقت بیٹے عمران خان کی تنخواہ تین ہزار درہم تھی۔کرنل ریٹائرڈ انعام الرحیم ایڈووکیٹ نے کہاکہ لاپتہ شہری متحدہ عرب امارات میں آئی ٹی شعبہ میں ملازم، چھٹی پر پاکستان آیا تھا۔