ٹوکیو اولمپکس: بھارتی ہاکی ٹیم کو 1-7 سے شرمناک شکست

بھارتی ہاکی ٹیم کو آسٹریلیا کیخلاف 6 پنالٹی کارنر ملے لیکن وہ ایک بھی پنالٹی پر گول مارنے میں ناکام رہی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 26 جولائی 2021 13:51

ٹوکیو اولمپکس: بھارتی ہاکی ٹیم کو 1-7 سے شرمناک شکست
ٹوکیو (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 26 جولائی 2021ء ) ٹوکیو اولمپکس میں بھارتی ہاکی ٹیم کو آسٹریلیا کے خلاف 1 کے مقابلے میں 7 گولز سے بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔ جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں اولمپک گیمز کا آغاز ہوچکا ہے جس میں بھارتی مرد ہاکی ٹیم نے پہلے میچ میں تو کامیابی حاصل کی لیکن آسٹریلیا کے ہاتھوں شرمناک شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

بھارتی ٹیم میچ کے آغاز سے ہی کمزور نظر آرہی تھی جس کا نتیجہ شکست کی صورت میں نکلا۔ آسٹریلوی ٹیم نے بھارت کو میچ جیتنے کا کوئی موقع نہیں دیا حالانکہ بھارتی ٹیم کو 6 پنالٹی کارنر ملے لیکن انہوں نے ایک بھی پنالٹی کو گول میں تبدیل نہیں کیا،جب سے گراہم ریڈ کوچ بنے ہیں یہ بھارت کی سب سے بڑے مارجن سے شکست ہے۔ میچ کے اختتام پر سوشل میڈیا پر شائقین اور ناقدین نے بھارتی ٹیم کی شکست پر اُن کو خوب لتاڑا،کسی نے لکھا کہ یہ اولمپکس میں بھارت کی سب سے شرمناک شکست ہے، کسی نے کہا کہ غیر ملکی کوچ رکھنے کے باوجود بھارتی کھلاڑی کسی سکول کی ٹیم کی طرح کھیلی۔

(جاری ہے)

بھارتی ٹیم رواں اولمپکس میں اب تک 2 میچ کھیل چکی ہے جس میں سے اس نے ایک میں کامیابی حاصل کی ہے جب کہ ایک میں بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ بھارت کے اگلے میچز ارجنٹینا، سپین اور جاپان کے خلاف ہوں گے۔