آزاد جموں و کشمیر انتخابات کے دوران الیکشن کمیشن کا رویہ قابل افسوس ہے‘محمد جاوید

الیکشن کمیشن صاف شفاف اور پر امن انتخابات کروانے میں بر ی طرح ناکام رہا ہے‘جماعت اسلامی پنجاب وسطی

پیر 26 جولائی 2021 14:39

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جولائی2021ء) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات کے دوران غیر جانبداری کی دھجیاں اڑائی گئیں۔ الیکشن کمیشن کا رویہ قابل افسوس تھا۔ پولنگ کے دوران فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے سیاسی کارکنوں کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔ ایک مرتبہ پھر عوامی توقعات کو پس پشت ڈال کر سلیکٹڈ کو موقع دیا گیا ہے۔

ا ن خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز عید ملن پارٹی اور مختلف پروگرامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاہے کہ کشمیری عوام کو جس طرح یر غمال بنایا گیا ، اس کی مثال کہیں نہیں ملتی۔ الیکشن کمیشن صاف شفاف اور پر امن انتخابات کروانے میں بر ی طرح ناکام رہا ہے۔

(جاری ہے)

انتخابی اصلاحات وقت کا اہم تقاضا ہے تاکہ عوام کے مینڈیٹ کو کوئی چوری نہ کرسکے۔

اس کے لیے ضروری ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں سنجیدگی کا مظاہرہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نازک صورت حال سے دوچار ہے۔ موجودہ حکمرانوں کے پاس قابلیت اور اہلیت نام کی کوئی چیز نہیں کرپشن کے خلاف نعرہ لگا کر بر سر اقتدار آنے والے عمران خان کے ارد گرد کرپٹ مافیا جمع ہوچکا ہے۔ ان کے خلا ف کارروائی جب تک نہیں کی جاتی ، اس وقت تک تبدیلی ممکن نہیں۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ حکمرانوں کے ڈنگ ٹپائو اقدامات نے عوام کو زندہ درگور کردیا ہے۔ کوئی ایک شعبہ بھی ایسا نظر نہیں آتا جس میں بہتری کے کوئی آثار نظر آتے ہوں۔ تبدیلی کے نام پر آنے والی حکومت نے عوام سے جینے کا حق چھین لیا ہے۔