سیاست فریب اور دھوکہ نہیں، سیاست عوامی خدمت، ریاستی نظام چلانے کا اہم ترین ذریعہ ہے‘صاحبزادہ محمد فاروق انصاری

پیر 26 جولائی 2021 14:39

کامونکی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جولائی2021ء) سیاست فریب اور دھوکہ نہیں، سیاست عوامی خدمت، ریاستی نظام چلانے کا اہم ترین ذریعہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے رہنما و صدر اتحاد پاور لومز ایسوسی ایشن کامونکے صاحبزادہ محمد فاروق انصاری نے اپنے بیان میں کیا۔انہوں نے کہاکہ مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان مفادات، تعصبات، گروہ بندیوں سے بالاتر ہوکر مظلوم انسانوں پر مسلط ظلم کے نظام کا خاتمہ اور آئین، قانون، عدل و انصاف کے ساتھ اسلام کی حکمرانی چاہتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ ملک بدترین معاشی بحران سے دوچار ہے۔ قومی بجٹ کی منظوری کے بعد عوام پر مسلسل مہنگائی بم گرائے جارہے ہیں۔ سود، قرضوں، کرپشن اور بدانتظامی کی معیشت قومی سلامتی، آزادی، خودمختاری کے لیے بڑا خطرہ ہے۔ اقتصادی مجبوریاں عوام کا کچومر نکال رہی ہیں اور حکومت و پارلیمنٹ کشمیر، افغانستان، فلسطین پر متفقہ قومی حکمت عملی سے گریزاں ہیں۔انہوں نے مزید کہاکہ حکومت نے کشمیر کی آزادی کے لیے کام کرنے کی بجائے بھارت کے مقبوضہ کشمیر پر مستقل قبضہ کے لیے سہولت کاری کی پالیسی اختیار کرلی ہے۔