کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ کا بھارتی صدر کے دورہ مقبوضہ کشمیر کے خلاف احتجاجی مظاہرے کا اعلان

پیر 26 جولائی 2021 14:59

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جولائی2021ء) کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد کشمیر شاخ نے بھارت صدر رام ناتھ کووند کے دورہ مقبوضہ کشمیر کے خلاف 27جولائی کو اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کرنے کا اعلان کیاہے۔

(جاری ہے)

کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں کہاکہ بھارت اپنی فوج کے ذریعے مقبوضہ جموںوکشمیر میں بے گناہ کشمیریوں پر طاقت کا وحشیانہ استعمال کررہاہے۔

بیان میں کہاگیا کہ بھارتی بربریت کے نتیجے میں ایک لاکھ سے زائد بے گناہ کشمیری شہید اور لاکھوں دیگر زخمی ہوچکے ہیں۔ بیان میں کہاگیا کہ اس صورتحال میں بھارتی صدر کے دورہ مقبوضہ جموںوکشمیر کا مقصد تنازعہ کشمیر سے توجہ ہٹانا اور عالمی برادری کو گمراہ کرنا ہے۔