تھیٹر کی بندش کیخلاف اسٹیج ڈراموں کے فنکاروں کا کراچی پریس کلب کے باہر دھرنے کا اعلان

پیر 26 جولائی 2021 20:24

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جولائی2021ء) زیڈ بی آرٹ پروڈکشن کے روح رواں،اسٹیج ڈرامہ کے معروف رائٹر، ڈائریکٹر و پروڈیوسر زاہد شاہ نے کہا ہے کہ کرونا وائرس نے معاشی طور پر بڑے بڑے کاروباری لوگوں کو بری طرح متاثر کیا ہے، اب کرونا کی چوتھی لہر آنے کو ہے اور صوبائی حکومت دوبارہ لاک ڈائون جیسے مشکل فیصلے کی جانب بڑھ رہی ہے، اسٹیج ڈرامے کے بہت سارے فنکار ایسے بھی ہیں جو روزکماتے ہیں اور روز کھاتے ہیں مارکیٹوں، سینما،اسٹیج شوز پر پابندی کی وجہ سے اسٹیج ڈرامے کے بہت سارے فنکار ایسے بھی ہیں جن کے گھروں میں فاقے ہورہے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر پرویز صدیقی، شکیل شاہ، سلیم شیخ، یوسف پٹھان، جنید خان، علی مانی ، صبا شیخ، عظمی بخاری، جہاں زیب خان، اسحاق راجو، اختر پیرزادہ، کامران خان، مجید مغل، راجہ بابو، سلیم شاہ، حمید مالی، فیاض خان اعوان، زاہد غوری، شہروز شیخ، صدیق بابر سمیت دیگر بھی موجود تھے، زاہد شاہ نے چیف جسٹس آف پاکستان، گورنر سندھ عمران اسماعیل، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، وزیر ثقافت سید سردارعلی شاہ، وزیر بلدیات سندھ ناصر شاہ سے اپیل کی اسٹیج ڈرامے کے فنکاروں کی بقا ، فلاح و بہبود کے لیئے جامع اقدامات کریں اور سندھ حکومت اسٹیج ڈراموں کے غریب و ضرورتمند فنکاروں کے لیئے فنڈز جاری کرے، اس وقت اسٹیج ڈرامے کے فنکار شدید معاشی مشکلات کا شکار ہیں یا تو ایس او پیز کے تحت کام کرنے کی اجازت دی جائے یا پھر حکومت اسٹیج ڈراموں کے فنکاروں کی مالی معاونت کرے تا کہ وہ اپنا گزر بسر کر سکیں،اگر حکومت نے اسٹیج ڈرامے کے فنکاروں کی بہتری کے لیئے کوئی جامع اقدامات نہ کیے تو مجبورا اپنے جائز مطالبات کے لیئے تھیٹر کے تمام فنکار کراچی پریس کلب پر احتجاجی دھرنا دیں گے، انہوں نے مزید کہا کہ فنکار تو ملکوں کی شناخت ہوتے ہیں اور امن و محبت کے سفیر ہوتے ہیں فنکاروں کی بہتری و خوشحالی کے لئے اقدامات کرنا حکومت وقت کی ذمہ داری ہے، بدقسمتی ہے ہماری کہ پاکستان میں کسی بھی حکومت نے شوبز انڈسٹری اور اس سے جڑے ہوئے لوگوں کے لیئے کبھی کوئی جامع اقدامات نہیں کیے ، انہوں نے مزید کہا کہ میں شوبز کے تمام فنکاروں سے بھی کہوں گہ شوبز انڈسٹر ی کے تمام لو گ ایک خاندان کی مانند ہیں اور جن سینئر فنکاروں کو اللہ نے صاحب حیثیت بنایا ہے وہ لوگ اپنے غریب اور ضرورتمند فنکاروں کی مدد کریں تا کہ مشکل وقت میں وہ فنکار اپنے آپ کو تنہا نہ محسوس کریں۔