اٹیچڈ ڈیپارٹمنٹ آفیسرز ایسوسی ایشن کا جمعرات کو پاور شو کا اعلان

صوبہ بھر کے اٹیچڈ ڈیپارٹمنٹ افسران کو جمعرات کو پشاور میں جمع ہونے کی ہدایت، قلم چھوڑ ہڑتال جاری رکھنے پر اتفاق

Amjad Ali khan امجد علی خان پیر 26 جولائی 2021 17:40

اٹیچڈ ڈیپارٹمنٹ آفیسرز ایسوسی ایشن کا جمعرات کو پاور شو کا اعلان
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 جولائی2021ء) اٹیچڈ ڈیپارٹمنٹ افسران کا پیر کے روز صدر امین خان کی صدارت میں ہنگامی اجلاس ہوا۔ اجلاس میں کابینہ ارکان سمیت چونتیس ڈیپارٹمنٹ کے فوکل پرسنز نے شرکت کی جس میں احتجاج کے اگلے مرحلے کے لئے لائحہ عمل طے کرنے کے حوالے سے مشاورت سمیت دیگر امور پر غور حوض کیا گیا۔ اجلاس میں جمعرات کے دن بھرپور پاور شو کا فیصلہ کیا گیا جس کیلئے صوبہ بھر کے اٹیچڈ ڈیپارٹمنٹ افسران کو جمعرات کو پشاور پہنچنے کی ہدایت کی گئی۔

ہر ڈائریکٹوریٹ کے فوکل پرسن اور آفیسرز ایسوسی ایشن کے صدور کو احتجاج میں شرکت یقینی بنانے کیلئے ہدایات جاری کی گئیں۔ اجلاس میں صدر امین خان نے  قلم چھوڑ ہڑتال جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا جبکہ دوسرے مرحلے میں جیل بھرو تحریک، مطالبات منظوری تک بھوک ہڑتال، اور آخری مرحلے میں اسلام آباد کی طرف مارچ اور پارلیمنٹ کے سامنے مستقل دھرنے پر اتفاق کیا گیا۔

(جاری ہے)


اجلاس میں مزید مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئیں جبکہ کابینہ میں توسیع و تقرریاں بھی عمل میں لائی گئیں۔ اجلاس میں تمام محکموں میں ہڑتال یقینی بنانے اور تحریک کو مزید موثر بنانےکے لئے  کمیٹیاں بھی تشکیل دیدی گئیں۔ صدر امین خان نے بتایا
کہ مذکورہ کمیٹیاں روازنہ محکموں کا دورہ کرکے ہڑتال کا جائزہ لیں گے۔اپنے مطالبات پورے ہونے تک قلم چھوڑ ہڑتال اور احتجاج کا سلسلہ جاری رہیگا۔ بنیادی تنخواہ میں ڈیڑھ بنیادی تنخواہ بطور الاونس تمام آفیسرز کا حق ہے۔ جب کام ایک جیسا ہے تو پھر تنخواہوں میں تفاوت کیوں ہے۔