سندھ ہائیکورٹ کاکنٹونمنٹ بورڈ افسران پر برہمی کا اظہار

جن افسران کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کی ہے وہی جواب جمع کرائیں، عدالت

پیر 26 جولائی 2021 21:26

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جولائی2021ء) سندھ ہائیکورٹ کی جانب سے سی ای او کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ اور ایڈمنسٹریٹر ڈی ایچ اے پر برہمی کا اظہار کیا گیا ہے۔سندھ ہائیکورٹ میں گزشتہ سال بارشوں میں ڈی ایچ اے اور کلفٹن ڈوبنے پر سی ای او کلفٹن کنٹونمنٹ اور ایڈمنسٹریٹر ڈی ایچ اے کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر جسٹس شفیع محمد صدیقی نے سماعت کی۔

اس دوران کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن اور ڈی ایچ اے کی جانب سے جواب جمع کرایا گیا۔

(جاری ہے)

دوران سماعت عدالت کی جانب سے فریقین کی جانب سے جمع کرایا گیا جواب واپس کر دیا گیا۔عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ جن افسران کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کی ہے وہی جواب جمع کرائیں، آئندہ سماعت پرجواب جمع نہ کرایا تو متعلقہ افسران کو توہین عدالت کا نوٹس دیں گے۔ جسٹس شفیع محمد صدیقی کی جانب سے استفسار کیا گیا کہ کراچی میں مزید بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، کیا بارش گزر جائے گی پھر جواب جمع کرایا جائے گا سماعت کے دوران عدالت کی جانب سے فریقین کو دو ہفتوں میں تفصیلی جواب جمع کرانے کا حکم دیا گیا ہے۔