صوبائی وزیر بلدیات کی ہدایت پر سکھر میں بارش کے بعد عوام کو درپیش مسائل فوری حل کرنے کےلئے فوری اقدامات کی ہدایات

Umer Jamshaid عمر جمشید پیر 26 جولائی 2021 18:19

صوبائی وزیر بلدیات کی ہدایت پر سکھر میں بارش کے بعد عوام کو درپیش مسائل ..
سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 جولائی 2021ء،نمائندہ خصوصی،عمران ملک) صوبائی وزیر اطلاعات و بلدیات سید ناصر حسین شاہ کی خصوصی ہدایت پر سکھر اور روہڑی کے مختلف علاقوں میں حالیہ بارش کا پانی جمع ہونے جیسے مسائل کے حل کے لیے ڈی سی آفس کے کانفرنس روم میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سکھر جاوید احمد نے کہا کہ ڈسپوزل اسٹیشنوں پر بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور ایکسپریس فیڈرزاور لوڈ شیڈنگ والے علاقوں میں غیر قانونی کنڈے ختم کیے جائیں میونسپل ایڈمنسٹریشن اور سیپکو کا جو بھی ملازم ان اسٹیشنوں پر بجلی کی فراہمی میں کنڈا سسٹم میں ملوث ہو اس کے خلاف براہ راست ایف آئی آر درج کرائی جائے اس سلسلے میں ایس ایس پی سکھر کو آن بورڈ لیا جائے گا ۔

اس سلسلے میں کوئی بھی ملوث ہوا تو ان کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر سکھر نے کہا کہ کچھ روز کی بارش کے نتیجے میں شہری مشکلات سے دوچار رہے جس کا سدباب لازمی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی وزیر بلدیات و اطلاعات سید ناصر حسین شاہ مختلف اوقات میں شہر کا دورہ کرتے رہے اس سلسلے میں میونسپل کارپوریشن، پبلک ہیلتھ ، سیپکو اور دیگر مشترکہ لائحہ عمل طے کرکے مسائل کا حل نکالیں ، ڈسپوزل اسٹیشنوں پر بجلی کی فراہمی ، نئے کھمبوں کے نصب کرنے ، ایکسپریس فیڈرز کو مستقل بجلی کی فراہمی اور غیر قانونی کنکشن کے خلاف آپریشن شروع کیا جائے، انہوں نے اسٹریٹ لائٹ کی بحالی کے میکنزم پر بھی کام کرنے کی ضرورت پر زوردیا۔

ایجنڈا مطابق تمام تعلقوں کے اسسٹنٹ کمشنرز کی سربراہی میں سیپکو، میونسپل ، تعلقہ ایڈمنسٹریشن ، پبلک ہیلتھ کے افسران مشترکہ طور پر دورہ کرکے مسائل کو فوری حل کریں جس کی مانیٹرنگ وہ خود کریں گے ۔ ڈی سی سکھر نے ایگزیکٹوانجینئر سیپکو کو ہدایت کی کہ سکھر اور روہڑی میں ڈسپوزل اسٹیشن جو ایکسپریس فیڈر میں آتے ہیں ان کی تحریری رپورٹ فراہم کریں ۔

انہوں نے مزید ہدایت کی کہ سیپکو کی جانب سے نئے کھمبوں کے تنصیب سے قبل میونسپل کارپوریشن کے انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ سے مشاورت ضرور کی جائے تاکہ تجاوزات قائم نہ ہوسکیں ، ڈی سی سکھر نے سیپکو افسران کو ہدایت کی کہ یہ شہر ہمارا ہے اور شہر یوں کو بنیادی سہولیات بشمول پینے کے پانی، نکاسی آب سمیت ڈسپوزل اسٹیشنوں کو مستقل چلانے کے لیے مشترکہ طور پر کام کرنا ہوگا جس کے لیے مشترکہ لائحہ عمل تشکیل دے کر مسائل کے حل کے لیے ترجیحی بنیادوں پر کام کیا جائے ۔

کچھ روز بعد محرم الحرام شروع ہوگا جس میں مزید کام کرنے کی ضرورت ہوگی ۔ اجلاس میں ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن، سیپکو چیف انجینئر، ایگزیکٹوانجینئر پبلک ہیلتھ اور دیگر افسران نے تفصیل سے پیش آنے والے مسائل پر بریفنگ دی ۔