صدر عارف علوی نے وفاقی محتسب کے فیصلے کے خلاف شہری کی اپیل منظور کر لی

صدر مملکت کا شہری کو سی ڈی اے ، اسلام آباد کو سی این جی اسٹیشن این او سی فیس کی مد میں ادا کردہ رقم واپس کرنے کا حکم

پیر 26 جولائی 2021 22:11

صدر عارف علوی نے وفاقی محتسب کے فیصلے کے خلاف شہری کی اپیل منظور کر ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جولائی2021ء) صدر عارف علوی نے وفاقی محتسب کے فیصلے کے خلاف شہری کی اپیل منظور کر لی۔ فیصلے کے مطابق شہری کو این او سی فیس کی مد میں ادا کردہ 11 لاکھ روپے سے زائد کی رقم واپس کی جائے ، صدر مملکت نے شہری کو سی ڈی اے ، اسلام آباد کو سی این جی اسٹیشن این او سی فیس کی مد میں ادا کردہ رقم واپس کرنے کا حکم دیدیا ۔

صدر مملکت نے کہاکہ آئین کے مطابق کسی بھی شخص کو خلاف قانون اپنے مال سے محروم نہیں کیا جاسکتا، آئین پاکستان ہر شخص کو قانون کے مطابق منصفانہ سلوک کرنے کی یقین دہانی کراتا ہے، میجر (ر) مسعود باجوہ نے اسلام آباد میں سی این جی اسٹیشن کے قیام کیلئے 2007ء میں این او سی فیس جمع کرائی تھی،متعلقہ اداروں سے این او سی وقت پر نہ ملنے پر شکایت کنندہ نے رقم واپسی کا مطالبہ کیا تھا،شہری نے رقم واپس نہ ملنے پر سی ڈی اے کے خلاف وفاقی محتسب کو سال 2020ء میں درخواست جمع کرائی ،وفاقی محتسب نے شکایت کنندہ کی درخواست زائدالمعیاد ہونے کے باعث مسترد کر دی تھی،شہری نے صدر مملکت کو اپنے حق کی خاطر وفاقی محتسب کے فیصلے کے خلاف اپیل کی تھی ۔

(جاری ہے)

فیصلے میں کہاگیاکہ شہری کی خاص مقصد کیلئے جمع کرائی ہوئی رقم قانون کی عدم موجودگی میں ضبط نہیں کی جا سکتی ، سی ڈی اے بورڈ کا فیصلہ 2013ء سے پہلے کے کیسز پر لاگو نہیں ہوتا۔ صدر مملکت کہاکہ 2007ء میں بورڈ کا متعلقہ قانون وجود نہیں رکھتا تھا لہذا، معاملے پر اطلاق نہیں ہوتا، وفاقی محتسب کے فیصلے میں معاملے کے ان پہلوؤں کو نظر انداز کیا گیا، صدرمملکت نے کہاکہ وفاقی محتسب کا فیصلہ مسترد، شکایت کنندہ کو رقم واپس کی جائے۔