الیکشن میں شکست پر مریم نواز، بلاول بھٹو کو مستعفی ہوجانا چاہیے، فواد چودھری

مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کو ناکامی تسلیم کرنی چاہیے، آزاد کشمیر نے انہیں مسترد کردیا ہے، مسلم لیگ ن افغانی مشیر سے نوازشریف کی ملاقات کا بھی نوٹس لے۔ وفاقی وزیر طلاعات فواد چودھری کی پریس کانفرنس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 26 جولائی 2021 18:52

اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 جولائی2021ء) وفاقی وزیر طلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ الیکشن میں شکست پر مریم نواز اور بلاول بھٹو کو مستعفی ہوجانا چاہیے، مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کو ناکامی تسلیم کرنی چاہیے، آزاد کشمیر نے انہیں مسترد کردیا ہے، مسلم لیگ ن افغانی مشیر سے نوازشریف کی ملاقات کا بھی نوٹس لے۔ انہوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے پوری دنیا میں کشمیر کی بات کی، وزیراعظم عمران خان اسپیکر آزاد کشمیر اور وزیراعظم آزاد کشمیر  کا فیصلہ کریں گے، کشمیر میں وزارت عظمیٰ سمیت دیگر عہدوں کا فیصلہ عمران خان خود کریں گے۔

آزاد کشمیر انتخابات میں ٹرن آوَٹ 56 فیصد سے زائد رہا، چیئرمین پیپلزپارٹی اور نائب صدر مسلم لیگ ن کو استعفیٰ دے دینا چاہیے، چیئرمین پیپلزپارٹی اور نائب صدر مسلم لیگ ن کو اپنی ناکامی کو تسلیم کرنا چاہیے، انتخابات کے دوران ن لیگ کے کیمپ سے بھارت سے متعلق بات شرمناک ہے، مسلم لیگ ن اور مریم نواز کے بیانیے کو آزادکشمیر نے مسترد کردیا ہے، نوازشریف کی الیکشن سے ایک روز قبل ملاقات بھی ان کی شکست کی وجہ بنی، ن لیگ کی لیڈر شپ کو بتانا چاہیے کہ نوازشریف نے ملاقات ان سے پوچھ کر کی یا نہیں؟ مسلم لیگ ن کو چاہیے کہ نوازشریف کو نوٹس دینا چاہیے۔

(جاری ہے)

فواد چودھری نے کہا کہ 2023 میں پیپلزپارٹی کا سندھ میں بھی کشمیر والا حال ہوگا، 2023 میں سندھ سے پیپلزپارٹی کا خاتمہ ہوجائےگا، سندھ میں پیپلزپارٹی کی یہ آخری حکومت ہے۔ وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور نے کہا کہ وزیراعظم عمرا ن خان پر کشمیریوں نے اعتماد کا اظہار کیا ہے، جلد کشمیر کے لوگوں کو  خوشخبری دیں گے، کشمیریوں کے تمام مسائل حل کریں گے۔

وزارت عظمیٰ سمیت دیگر عہدوں کا فیصلہ وزیراعظم عمران خان خود کریں گے۔ پارٹی کا جو بھی فیصلہ ہوگا جلد سب کے سامنے آجائے گا، میرے لیڈر پر جب کوئی بات کرے گا تو میں لازمی اس کو جواب دوں گا، تین بار حکومت کرنے کے بعد شکست پر بلاول بھٹو کو استعفیٰ دینا چاہیے، سندھ میں بھی پیپلزپارٹی کو شکست دیں گے، کشمیر میں سیاحت کو فروغ دینا ہے، مقبوضہ کشمیر کی آزادی کیلئے آواز اٹھائیں گے۔